یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے کشمیری عوام سے بھرپور اظہارِ یکجہتی کیا۔ اس سلسلے میں ملک بھر میں خصوصی تقریبات، واکس اور دعائیہ اجتماعات منعقد کیے گئے۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق افسران نے ریڈیو پاکستان سے ڈی چوک تک نکالی گئی مرکزی ریلی میں بھی بھرپور شرکت کی۔ شرکا نے کشمیری عوام کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا اور ان کے حقِ خودارادیت کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔
ترجمان نے بتایا کہ ملک بھر کے ٹول پلازوں پر خصوصی بینرز آویزاں کیے گئے۔ ان بینرز کے ذریعے یومِ استحصالِ کشمیر کی اہمیت اجاگر کی گئی۔
موٹروے پولیس کے ایف ایم ریڈیو اسٹیشنز سے بھی خصوصی پروگرام نشر کیے گئے۔ ان پروگراموں میں کشمیری عوام کی جدوجہد، قربانیوں اور حقِ خودارادیت کے مطالبے کو نمایاں کیا گیا۔
تقریبات کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں اور کشمیری عوام کی کامیابی، استقامت اور امن کے لیے بھی دعا کی گئی۔