...

کراچی پولیس: ایڈیشنل آئی جی آزاد خان کا کراچی چیمبر کا دورہ، اسٹریٹ کرائم میں 15 فیصد کمی کا دعویٰ

کراچی پولیس کے ایڈیشنل آئی جی آزاد خان نے ڈی آئی جی ساؤتھ، ڈی آئی جی ٹریفک، ایس ایس پی ساؤتھ اور دیگر سینئر افسران کے ہمراہ کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی) کا دورہ کیا، جہاں تاجر برادری سے شہر میں امن و امان، سیکیورٹی اور کاروباری سرگرمیوں سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

کراچی چیمبر کے صدر ریحان حنیف، سابق صدر زبیر موتی والا، چیف سی پی ایل سی حفیظ عزیز، محمد جاوید بلوانی، محمد اکرم رانا اور دیگر عہدیداران نے وفد کا استقبال کیا۔ اجلاس کے دوران تاجر برادری نے امن و امان کے قیام اور جرائم کی روک تھام کے لیے کراچی پولیس کی کوششوں کو سراہا اور اسٹریٹ کرائم، ٹریفک، تجاوزات، قبضہ مافیا، منشیات، صنعتی علاقوں کی سیکیورٹی اور دیگر شہری مسائل سے متعلق تجاویز پیش کیں۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان نے کہا کہ کراچی ملک کا معاشی مرکز ہے، اس لیے شہر خصوصاً صنعتی اور تجارتی علاقوں کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مربوط حکمت عملی کے باعث دہشت گردی کے متعدد منصوبے ناکام بنائے گئے ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ رواں سال کے پہلے چھ ماہ کے دوران اسٹریٹ کرائم میں مجموعی طور پر 15 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ ڈکیتی، گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی چوری اور چھیننے کے واقعات میں بھی نمایاں کمی آئی ہے۔

آزاد خان کے مطابق بھتہ خوروں، منشیات فروشوں، غیر قانونی اسلحہ رکھنے والوں اور دیگر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں، جبکہ غیر قانونی تارکین وطن سے متعلق حکومتی پالیسی پر بھی مؤثر انداز میں عمل کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تجاوزات اور قبضہ مافیا کے خلاف مشترکہ کارروائیاں جاری ہیں اور جدید فارنزک سہولیات، سیف سٹی منصوبے، جدید ٹیکنالوجی، مؤثر احتسابی نظام اور بہتر ٹریفک مینجمنٹ کے ذریعے شہریوں کو زیادہ محفوظ ماحول فراہم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی نے تاجر برادری پر زور دیا کہ وہ شہر کے مثبت تشخص، امن و امان کے قیام اور جرائم کی روک تھام کے لیے کراچی پولیس کے ساتھ تعاون جاری رکھے۔ تقریب کے اختتام پر کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی جانب سے ایڈیشنل آئی جی کراچی اور دیگر سینئر پولیس افسران کو یادگاری شیلڈز بھی پیش کی گئیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!
Seraphinite AcceleratorOptimized by Seraphinite Accelerator
Turns on site high speed to be attractive for people and search engines.