کراچی بارش کے حوالے سے محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے آنے والی مون سون ہوائیں 29 جولائی سے ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں داخل ہوں گی، جس کے بعد کراچی میں 31 جولائی سے مون سون بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 31 جولائی سے 2 اگست کے دوران کراچی میں وقفے وقفے سے بارش متوقع ہے۔ اس دوران شہر کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے، جبکہ چند مقامات پر موسلا دھار بارش بھی ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ مون سون ہواؤں کے اثرات کے باعث موسم میں نمایاں تبدیلی متوقع ہے، جس کے نتیجے میں درجہ حرارت میں کمی اور حبس کی شدت میں بھی کمی آنے کا امکان ہے۔
شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کی صورت میں احتیاط برتیں اور موسمی صورتحال سے متعلق سرکاری ہدایات پر عمل کریں۔