...

مون سون بارشیں: کراچی واٹر کارپوریشن ہائی الرٹ، نکاسی آب کے ہنگامی انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت

مون سون بارشیں کے پیش نظر کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن نے شہر بھر میں ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے نکاسی آب کے ہنگامی انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت دے دی ہے تاکہ ممکنہ بارشوں کے دوران شہریوں کو کم سے کم مشکلات کا سامنا کرنا پڑے۔

ترجمان واٹر کارپوریشن کے مطابق محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے بعد میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی ہدایت پر چیف ایگزیکٹو آفیسر احمد علی صدیقی نے تمام متعلقہ افسران اور عملے کو الرٹ رہنے اور بارشوں سے قبل ضروری انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔

واٹر کارپوریشن نے تمام زونل چیف انجینئرز، سپرنٹنڈنگ انجینئرز، ایگزیکٹو انجینئرز اور فیلڈ افسران کو اپنے اپنے علاقوں میں موجود رہنے اور نکاسی آب کے نظام کی مسلسل نگرانی کرنے کا حکم دیا ہے۔ حکام کے مطابق بارشوں کے دوران تمام فیلڈ ٹیمیں موقع پر موجود رہیں گی تاکہ پانی کی نکاسی کا عمل بلا تعطل جاری رکھا جا سکے۔

ترجمان کے مطابق شہر کے نشیبی اور حساس علاقوں کی نشاندہی کر دی گئی ہے، جہاں بارش کے دوران پانی جمع ہونے کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں۔ ان مقامات پر اضافی عملہ، مشینری اور دیگر ضروری وسائل تعینات کیے جائیں گے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری کارروائی ممکن ہو۔

واٹر کارپوریشن نے جیٹنگ اور سکشن مشینوں کو بھی ہائی الرٹ کر دیا ہے، جبکہ شہر بھر میں ان کی بروقت دستیابی اور مؤثر استعمال کی نگرانی کی ذمہ داری ایگزیکٹو انجینئر ورکشاپ شفقت حسین کو سونپی گئی ہے۔

سی ای او احمد علی صدیقی نے کہا کہ شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنا اور بارشوں کے دوران مسائل کم کرنا ادارے کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام فیلڈ ٹیمیں، تکنیکی عملہ اور مشینری چوبیس گھنٹے تیار رہیں گے، جبکہ عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لیے بھی خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔

انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ بارشوں کے دوران گٹروں اور مین ہولز کے ڈھکن ہرگز نہ کھولیں کیونکہ سیوریج نظام بارش کے پانی کی نکاسی کے لیے تیار نہیں کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مین ہولز کے ڈھکن کھولنے سے نکاسی آب کا نظام متاثر ہونے کے ساتھ شہریوں کی جان و مال کو بھی خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔

ترجمان نے شہریوں سے کہا کہ کسی بھی شکایت یا ہنگامی صورتحال کی صورت میں متعلقہ واٹر کارپوریشن حکام سے فوری رابطہ کریں تاکہ بروقت کارروائی یقینی بنائی جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!
Seraphinite AcceleratorOptimized by Seraphinite Accelerator
Turns on site high speed to be attractive for people and search engines.