کراچی: جعلی شراب کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے محکمہ نارکوٹکس کنٹرول ونگ سندھ نے خفیہ اطلاع پر مہران ٹاؤن میں قائم ایک مبینہ غیر قانونی فیکٹری پر چھاپہ مارا، جہاں سے بین الاقوامی برانڈ کے نام پر تیار کی گئی شراب، الکوحل اور شراب کی تیاری و پیکنگ میں استعمال ہونے والا سامان برآمد کر لیا گیا۔
محکمہ کے مطابق کارروائی کے دوران مقامی سطح پر تیار کی گئی بین الاقوامی برانڈ کی 75 بوتلیں، 114 لیٹر الکوحل، بڑی تعداد میں خالی بوتلیں اور شراب کی تیاری و پیکنگ میں استعمال ہونے والا دیگر سامان قبضے میں لے لیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ برآمد ہونے والا تمام سامان ضبط کر کے مبینہ جعلی شراب کی فیکٹری کو سیل کر دیا گیا ہے تاکہ مزید غیر قانونی سرگرمیوں کو روکا جا سکے۔
کارروائی کے دوران شہباز علی نامی ایک ملزم کو گرفتار کیا گیا، جبکہ اس کے خلاف متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
محکمہ نارکوٹکس کنٹرول ونگ سندھ کے مطابق غیر قانونی شراب کی تیاری اور فروخت میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔