...

بچھو ڈکیت گروہ: کراچی میں رینجرز کی کارروائی، ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث پانچ ملزمان گرفتار

بچھو ڈکیت گروہ کے خلاف پاکستان رینجرز (سندھ) نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ مچھر کالونی میں کارروائی کرتے ہوئے ڈکیتی اور موبائل فون چھیننے کی متعدد وارداتوں میں مبینہ طور پر ملوث پانچ ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔

رینجرز کے ترجمان کے مطابق گرفتار ہونے والوں میں اجمل خان عرف شاس، انیس خان، عبیداللہ، سجاد عرف طور مواسی اور لال خان شامل ہیں۔ کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے بغیر لائسنس 30 بور کا ایک پستول، ایمونیشن، تین چھینے گئے موبائل فون اور نقدی برآمد کی گئی۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ گروہ اپنے دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر نیو کراچی، بلدیہ ٹاؤن، کیماڑی، سہراب گوٹھ بس ٹرمینل، پنجاب بس اڈا، جمالی پل اور ملحقہ علاقوں میں ڈکیتی اور موبائل فون چھیننے کی متعدد وارداتوں میں ملوث رہا ہے۔

رینجرز کے مطابق گرفتار ملزمان نے حال ہی میں کیماڑی ٹاؤن کی ایک موبائل مارکیٹ میں بھی ڈکیتی کی تھی، جس کی کارروائی سی سی ٹی وی فوٹیج میں ریکارڈ ہوئی۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ گرفتار ملزم اجمل خان عرف شاس عادی مجرم ہے اور وہ اس سے قبل بھی پولیس کے ہاتھوں گرفتار ہو کر جیل جا چکا ہے۔

رینجرز کا کہنا ہے کہ گروہ کے دیگر مفرور ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ گرفتار ملزمان کو اسلحہ اور برآمد شدہ سامان سمیت مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

ترجمان سندھ رینجرز نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ جرائم کے خاتمے کے لیے جرائم پیشہ عناصر سے متعلق معلومات فوری طور پر قریبی رینجرز چیک پوسٹ، رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا رینجرز کے مددگار واٹس ایپ نمبر 03479001111 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے فراہم کریں۔ ترجمان کے مطابق اطلاع دینے والے افراد کی شناخت مکمل طور پر خفیہ رکھی جائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!
Seraphinite AcceleratorOptimized by Seraphinite Accelerator
Turns on site high speed to be attractive for people and search engines.