بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہ کرانے پر بجٹ اجلاس کے بائیکاٹ کی دھمکی
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہ کرانے کی صورت میں بجٹ اجلاس کے بائیکاٹ کی دھمکی دے دی۔
قومی اسمبلی اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ عدالتی احکامات کے باوجود گزشتہ 34 ہفتوں سے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اگر کل تک ملاقات نہ کرائی گئی تو پارٹی بجٹ اجلاس کے بائیکاٹ پر غور کرے گی۔
انہوں نے اسپیکر قومی اسمبلی سے اس معاملے پر رولنگ جاری کرنے کی درخواست بھی کی۔
اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ اگر بانی پی ٹی آئی ایوان کے رکن ہوتے تو پروڈکشن آرڈر جاری کیے جا سکتے تھے۔ اسپیکر نے مزید کہا کہ حکومت کی جانب سے تین مرتبہ حکومت اور اپوزیشن کو مذاکرات کے لیے ایک میز پر بٹھانے کی کوشش کی گئی، تاہم اس میں پیش رفت نہ ہوسکی۔
بعد ازاں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہ کرانے کے خلاف پاکستان تحریک انصاف کے ارکان نے احتجاجاً قومی اسمبلی کے اجلاس سے واک آؤٹ کیا۔
اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے مؤقف اختیار کیا کہ موجودہ بجٹ عوام دوست نہیں ہوگا، جبکہ ملک میں پہلے ہی مہنگائی کی شرح زیادہ ہے اور عوام کو ریلیف فراہم کیا جانا چاہیے۔