صوبائی وزیر محمد علی ملکانی کی زیر صدارت فشریز ریگولیٹری ٹاسک فورس کا اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں سیکریٹری لائیو اسٹاک، ڈی جی میری ٹائم فشریز اور عسکری حکام سمیت متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔
محرم الحرام کے انتظامات، سندھ حکومت عزاداران کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرے گی: سیدہ تحسین عابدی
اجلاس میں سندھ حکومت کی جانب سے ماہی گیروں کے لیے فیول سبسڈی کے آغاز کا اہم اعلان کیا گیا۔ صوبائی وزیر کے مطابق چھوٹی کشتیاں رکھنے والے ماہی گیروں کو ایک سے دو لاکھ روپے تک فیول سبسڈی فراہم کی جائے گی، جو سندھ بینک کے ذریعے ادا کی جائے گی۔
محمد علی ملکانی نے کہا کہ کسی بھی ماہی گیر کی رجسٹریشن کے لیے شناختی کارڈ لازمی قرار دیا گیا ہے اور بغیر شناختی دستاویزات کے کوئی رجسٹریشن نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ماہی گیروں کو تمام سہولیات ایک ہی پلیٹ فارم پر فراہم کرنے کے لیے آن لائن رجسٹریشن کا نظام شروع کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ماہی گیروں کو نادرا سے منسلک کر کے بارکوڈ سسٹم کے ذریعے ماہی گیری لائسنس، کشتیوں اور جیٹیوں کی رجسٹریشن کی جائے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ تمام جیٹیوں کی باقاعدہ انسپکشن بھی کی جائے گی۔
صوبائی وزیر کے مطابق سول اور آرمڈ فورسز پر مشتمل مشترکہ ٹاسک فورس ریگولیٹری فورم قائم کر دیا گیا ہے، جو "ون ونڈو آپریشن” کے تحت اصل ماہی گیروں کی رجسٹریشن کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ اس نظام کا مقصد سمندری حدود کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے جبکہ نئے اقدامات کے ذریعے دہشت گردی، منشیات اور غیر قانونی اسلحے کی اسمگلنگ کی روک تھام بھی ممکن بنائی جائے گی۔
محمد علی ملکانی نے کہا کہ سیکیورٹی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور عوام اور ملک کو ہر خطرے سے محفوظ رکھنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔