ترجمان سندھ حکومت سیدہ تحسین عابدی نے کہا ہے کہ ماہِ محرم حق کی باطل پر فتح اور حضرت امام حسینؑ کی عظیم قربانی کی یاد دلاتا ہے، جبکہ سندھ حکومت عزاداران کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔
گلگت بلتستان میں حکومت سازی کے لیے پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ کے وفود کی اہم مشاورتی ملاقات
انہوں نے سولجر بازار میں واقع امام بارگاہ ابو طالب کا دورہ کیا جہاں انہوں نے محرم الحرام کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
دورے کے دوران صفائی ستھرائی، کچرے کی بروقت منتقلی، اسٹریٹ لائٹس کی بحالی، روڈ پیچنگ، پانی کی فراہمی اور لوڈشیڈنگ سمیت دیگر انتظامی امور کا باریک بینی سے معائنہ کیا گیا۔ اس موقع پر امام بارگاہ انتظامیہ اور عزاداران نے اپنے مسائل اور ضروریات سے آگاہ کیا۔
سیدہ تحسین عابدی نے یقین دہانی کرائی کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے وژن اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی ہدایات کے مطابق محرم الحرام کے دوران تمام متعلقہ ادارے متحرک رہیں گے اور عزاداران کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
دورے کے موقع پر عزاخانہ ابو طالب کی عزاداری کمیٹی کے اراکین ناصر الحسینی، غلام حسین، امجد علی، طلب حسین نگری اور دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔