فیلڈ مارشل عاصم منیر اور لبنانی آرمی چیف کی ملاقات، دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق

راولپنڈی: چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے لبنان کی مسلح افواج کے کمانڈر اِن چیف جنرل روڈولف ہیکل نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) میں ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی اور دفاعی تعاون سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جی ایچ کیو آمد پر لبنانی آرمی چیف کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران خطے میں امن و استحکام، دفاعی تعاون اور دوطرفہ عسکری تعلقات کے فروغ سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات پر گفتگو کی گئی۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں عسکری رہنماؤں نے پاکستان اور لبنان کی مسلح افواج کے درمیان پیشہ ورانہ روابط، تربیتی تعاون اور ادارہ جاتی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس موقع پر پاکستان اور لبنان کے دیرینہ اور دوستانہ تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان لبنانی مسلح افواج کے ساتھ دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے پرعزم ہے۔

لبنانی آرمی چیف جنرل روڈولف ہیکل نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، آپریشنل مہارت اور علاقائی امن و استحکام کے لیے کردار کو سراہا۔ انہوں نے بین الاقوامی امن مشنز میں پاکستان کی خدمات کو بھی قابلِ تحسین قرار دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات اس عزم کی عکاسی کرتی ہے کہ پاکستان اور لبنان کی مسلح افواج باہمی عسکری تعاون، تربیتی روابط اور ادارہ جاتی شراکت داری کو مزید فروغ دینے کے لیے مشترکہ طور پر کام جاری رکھیں گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!