کراچی میں سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، جس میں ملکی امن و امان، بین الصوبائی تعاون، منشیات کے خاتمے اور عوامی خدمات کی بہتری سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
بلال کالونی پولیس مقابلہ، گرفتار ملزم کے اہم انکشافات
ملاقات کے دوران کراچی سمیت سندھ کے مختلف بڑے شہروں میں امن و امان کی صورتحال اور منشیات کی روک تھام کے لیے جاری اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے جرائم کے خاتمے اور عوام کے تحفظ کے لیے وفاق اور صوبے کے درمیان مزید مؤثر تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سندھ حکومت کو کچے کے علاقوں میں ڈاکوؤں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر مبارکباد دی۔ انہوں نے سندھ پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ فورس نے مشکل اور چیلنجنگ حالات میں بہادری، پیشہ ورانہ مہارت اور عزم کا مظاہرہ کرتے ہوئے امن و امان کی بحالی میں قابلِ ستائش کردار ادا کیا ہے۔
اس موقع پر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ وفاق اور صوبوں کے درمیان مؤثر رابطہ اور تعاون قومی چیلنجز سے نمٹنے کا بہترین ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی مفاد کے معاملات میں تمام اداروں اور حکومتوں کو مل کر کام کرنا چاہیے۔
سینئر وزیر سندھ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سندھ حکومت جرائم کے خاتمے، امن و امان کے قیام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے اپنی کوششوں کو مزید تیز کرے گی۔
محسن نقوی نے یقین دہانی کرائی کہ وفاقی حکومت امن و امان کے قیام اور منشیات کی روک تھام کے لیے سندھ حکومت کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔
ملاقات میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان رابطوں کو مزید مضبوط بنا کر عوامی مسائل کے حل اور بہتر طرزِ حکمرانی کو یقینی بنایا جائے گا۔