ایم کیو ایم اپنی سیاست زندہ رکھنے کیلئے پرانے الزامات کا سہارا لے رہی ہے: شرجیل میمن

کراچی: سینئر وزیر سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان بے بنیاد الزامات اور پرانی فرسودہ کہانیوں کے ذریعے اپنی سیاست کو زندہ رکھنے کی ناکام کوشش کر رہی ہے۔

ناظم آباد میں رہائشی پلاٹس پر مبینہ غیر قانونی کمرشلائزیشن، شہریوں کا فوری کارروائی کا مطالبہ

ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ ایم کیو ایم کی سیاست ہمیشہ نعروں، الزامات اور بحران پیدا کرنے کے گرد گھومتی رہی ہے اور آج بھی وہی پرانا طرزِ عمل دہرایا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبائی خود مختاری، آئینی اختیارات اور بلدیاتی نظام کو سب سے زیادہ ایم کیو ایم نے متنازع بنانے کی کوشش کی۔

شرجیل میمن نے کہا کہ کراچی میں جاری ترقیاتی منصوبے زمینی حقائق ہیں جنہیں کسی بھی پروپیگنڈے سے جھٹلایا نہیں جا سکتا۔ ان کے مطابق یلو لائن، شاہراہ بھٹو اور دیگر منصوبے اس بات کا ثبوت ہیں کہ سندھ حکومت عملی کام پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی بھی عوامی مقام سے متعلق قانونی یا انتظامی مسئلہ ہو تو اس کا حل عدالتوں اور متعلقہ اداروں کے ذریعے نکالا جانا چاہیے۔

صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ جو عناصر برسوں تک ناکام انتظامیہ اور مفاداتی سیاست کے ذریعے شہر کے مسائل بڑھاتے رہے، وہ آج دوبارہ خود کو نجات دہندہ کے طور پر پیش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے بلدیاتی اداروں کو نہ صرف اختیارات دیے ہیں بلکہ مالی وسائل اور قانونی سپورٹ بھی فراہم کی ہے۔

شرجیل میمن کے مطابق کراچی کسی ایک جماعت کی جاگیر نہیں بلکہ پاکستان کا معاشی مرکز ہے، اور جو عناصر ہر ترقیاتی قدم پر تنقید کو سیاسی ہتھیار بناتے ہیں وہ دراصل اپنے سیاسی زوال کا اعتراف کر رہے ہوتے ہیں۔

One thought on “ایم کیو ایم اپنی سیاست زندہ رکھنے کیلئے پرانے الزامات کا سہارا لے رہی ہے: شرجیل میمن

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!