Pakistan Rangers Sindh نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کراچی کے علاقے تین ہٹی اور لیاقت آباد میں کارروائی کرتے ہوئے منشیات فروشی اور چوری کی وارداتوں میں ملوث 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان میں حذیفہ عرف چھوٹا، جلال عرف سائیکو اور راشد عرف پوپا شامل ہیں۔
شاہراہِ بھٹو پر سیکیورٹی اور ٹریفک انتظامات سخت کرنے کا فیصلہ، وزیر داخلہ سندھ کا اہم اجلاس
رینجرز ترجمان کے مطابق ملزمان کے قبضے سے 70 سے 80 گرام آئس، ایک خنجر، 40 مختلف موبائل فونز، 3 ٹیبلٹس، ایک لیپ ٹاپ، 6 پاور بینکس، ایک ویڈیو کیمرہ اور نقد رقم برآمد کر لی گئی۔
ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ گرفتار ملزمان نشے کے عادی ہیں اور اپنے مبینہ ہینڈلر آصف عرف باڑا کی ہدایات پر لیاقت آباد اور گرد و نواح کے علاقوں میں منشیات فروشی میں ملوث تھے۔
رینجرز حکام کے مطابق ملزمان نہ صرف منشیات فروشی بلکہ ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث عناصر کے سہولت کار بھی ہیں اور لوٹے گئے سامان کی خرید و فروخت کرتے تھے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ جلال عرف سائیکو اور راشد عرف پوپا عادی جرائم پیشہ افراد ہیں جو اس سے قبل بھی گرفتار ہو کر جیل جا چکے ہیں۔ ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
گرفتار ملزمان کو منشیات اور برآمد شدہ سامان سمیت مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ رینجرز نے عوام سے اپیل کی ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے بارے میں فوری اطلاع قریبی رینجرز چیک پوسٹ، ہیلپ لائن 1101 یا واٹس ایپ نمبر 03479001111 پر دیں۔
