کراچی: وزیر محنت و افرادی قوت و سماجی تحفظ سندھ اور صدر پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن سعید غنی نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کی جانب سے ساڑھے انتالیس کلومیٹر طویل شاہراہِ بھٹو کی تعمیر مکمل ہونے کے بعد اسے عوام کے لیے کھولنا کراچی کے شہریوں کے لیے ایک تحفہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ اربوں روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والی شاہراہِ بھٹو کو قیوم آباد سے کاٹھور تک مکمل طور پر فعال کیا جا رہا ہے اور 22 مئی بروز جمعہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کاٹھور کے مقام پر منعقدہ تقریب میں اس کا باقاعدہ افتتاح کریں گے۔
یہ بات انہوں نے بدھ کے روز پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے اجلاس کی صدارت اور شاہراہِ بھٹو کے دورے کے موقع پر کہی۔ اجلاس میں ڈویژنل و ضلعی عہدیداران سمیت ذیلی تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
اجلاس میں 22 مئی کو ہونے والی افتتاحی تقریب کی تیاریوں پر تفصیلی غور کیا گیا۔ سعید غنی نے کہا کہ اس موقع پر شام 5 بجے کاٹھور میں ایک عظیم الشان تقریب منعقد ہوگی جس میں تاجر برادری، معززین اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد شریک ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کراچی کے تمام اضلاع سے کارکنان ریلیوں کی شکل میں تقریب میں شرکت کریں گے۔
قبل ازیں سعید غنی نے شاہراہِ بھٹو کے تیسرے فیز کا دورہ بھی کیا اور جاری ترقیاتی کاموں اور افتتاحی تیاریوں کا جائزہ لیا۔
