کراچی: آصف حیدر شاہ کی زیر صدارت سیکریٹریز کمیٹی کا اعلیٰ سطح اجلاس منعقد ہوا جس میں سندھ جاب پورٹل، ای۔دفتر، آڈٹ پیراز، پبلک اکاؤنٹس کمیٹی، ترقیاتی منصوبوں، عدالتی معاملات اور غیر حاضر ملازمین کے خلاف کارروائی سمیت مختلف امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
سرسید پولیس کی کارروائی، 436 کلو سے زائد نان کسٹم چھالیہ برآمد، ملزم گرفتار
اجلاس میں کفایت شعاری اقدامات اور آئندہ بجٹ کی تیاریوں پر بھی غور کیا گیا۔ چیف سیکریٹری سندھ نے ہدایت کی کہ بجٹ تیاریوں کے پیش نظر اب جمعہ کو معمول کا ورکنگ ڈے رکھا جائے گا۔
آصف حیدر شاہ نے سندھ جاب پورٹل کو فاسٹ ٹریک کرنے اور میرٹ کی بنیاد پر شفاف بھرتیوں کو یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے سیکریٹری سروسز کو تمام محکموں سے رابطے میں رہنے کا حکم دیا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ ای۔دفتر نظام کی ٹریننگ اور سافٹ ویئر سے متعلق کام مکمل کرلیا گیا ہے جبکہ محکمہ خزانہ، ایس جی اے اینڈ سی ڈی، سندھ آئی ٹی، سرمایہ کاری، اقلیتی امور، پی اینڈ ڈی، قانون، ایکسائز، لیبر اور سوشل پروٹیکشن جولائی 2026 میں ای۔دفتر پر لائیو ہوجائیں گے۔
چیف سیکریٹری سندھ کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل سمریز کے استعمال سے فیصلہ سازی میں تیزی آئی ہے اور سرکاری امور میں تاخیر کم ہوئی ہے۔
انہوں نے تمام سیکریٹریز کو ایک ماہ کے اندر ڈی اے سی اجلاس منعقد کرنے اور آڈٹ پیراز نمٹانے کی ہدایت بھی جاری کی، جبکہ تمام محکموں کو آڈٹ پیراز سے متعلق کمنٹس فوری طور پر AIMS سسٹم پر اپ لوڈ کرنے کا حکم دیا گیا۔
آصف حیدر شاہ نے برسوں سے غیر حاضر اساتذہ، ڈاکٹرز اور دیگر سرکاری ملازمین کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے تمام محکموں کو عدالتی مقدمات میں بروقت جوابات جمع کرانے پر زور دیا۔
چیف سیکریٹری سندھ نے وزیر اعظم کمپلینٹ سیل سمیت عوامی شکایات کے فوری ازالے کی بھی ہدایت کی۔
اجلاس میں چیئرمین اینٹی کرپشن، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، چیئرمین پلاننگ بورڈ اور تمام سیکریٹریز نے شرکت کی۔
