کراچی: پاکستان رینجرز سندھ نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے بلدیہ ٹاؤن سے ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث “لالو گروہ” کے 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
گارڈن میں مارکیٹ کے بیسمنٹ میں آگ لگ گئی، ریسکیو 1122 کی کارروائیاں جاری
رینجرز کے ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان میں لعل محمد عرف لالو (گروہ کا سرغنہ) ولد نور محمد، محمد شفیق ولد نذر خان، اجمل کاکڑ ولد محمد نبی اور ثناءاللہ ولد محبت خان شامل ہیں۔
کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے ایک 9MM پستول (بغیر لائسنس)، دو میگزین بمعہ ایمونیشن اور دو موبائل فونز برآمد کیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق گرفتار ملزمان کراچی کے علاقوں اورنگی ٹاؤن، بلدیہ ٹاؤن، گلشن غازی اور سعید آباد میں ڈکیتی، اسٹریٹ کرائم اور موٹرسائیکل و موبائل فون چھیننے کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھے۔
ترجمان نے بتایا کہ یہ گروہ اسلحے کے زور پر شہریوں سے اب تک 2 سے 3 موٹرسائیکلیں، 40 سے 50 موبائل فونز اور تقریباً 10 لاکھ روپے کی رقم چھین چکا ہے۔
حال ہی میں ملزمان نے بلدیہ ٹاؤن میں ایک ہوٹل پر ڈکیتی کی واردات بھی کی تھی جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج موجود ہے۔
رینجرز کے مطابق گرفتار ملزمان عادی مجرم ہیں اور کراچی کے مختلف تھانوں میں ان کے خلاف متعدد مقدمات درج ہیں جبکہ وہ پہلے بھی گرفتار ہو کر جیل جا چکے ہیں۔
گرفتار ملزمان کو اسلحہ اور برآمد شدہ سامان سمیت مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔
رینجرز نے عوام سے اپیل کی ہے کہ جرائم پیشہ عناصر سے متعلق معلومات قریبی چیک پوسٹ، ہیلپ لائن 1101 یا واٹس ایپ نمبر 03479001111 پر فراہم کریں، اطلاع دینے والے کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔
