ڈسٹرکٹ ایسٹ پولیس کراچی نے ایک اہم اور کامیاب کارروائی کے دوران درجنوں اسٹریٹ کرائم وارداتوں میں ملوث انتہائی مطلوب چھ رکنی ڈکیت گینگ سے فائرنگ کے تبادلے کے بعد چار ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق یہ کارروائی سائٹ سپر ہائی وے کے علاقے میں اُس وقت عمل میں آئی جب چھ مسلح موٹر سائیکل سوار ملزمان شہری سجاد سے واردات کر کے فرار ہو رہے تھے۔ گشت پر مامور پولیس ٹیم نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر ملزمان کا تعاقب کیا، جس کے دوران دو طرفہ فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
ترجمان ایسٹ پولیس کے مطابق پولیس نے حکمتِ عملی کے ساتھ کارروائی کرتے ہوئے چار ملزمان کو بغیر کسی جانی نقصان کے گرفتار کر لیا، جبکہ ان کے دیگر دو ساتھی پولیس پر اندھا دھند فائرنگ کرتے ہوئے موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
گرفتار ملزمان سے دو پسٹل بمعہ ایمونیشن، چھینی گئی نقدی رقم، موبائل فونز اور وارداتوں میں استعمال ہونے والی دو موٹر سائیکلیں برآمد کر لی گئی ہیں۔
ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان نے موبائل فون اور نقدی چھیننے کی درجنوں وارداتوں کا اعتراف کیا ہے۔ انکشاف ہوا ہے کہ یہ گروہ 30 اپریل 2026 کو انڈسٹریل ایریا میں ڈکیتی مزاحمت پر دو سگے بھائیوں کو زخمی کرنے میں بھی ملوث تھا، جبکہ 27 اپریل کو شہری انجم سے موبائل فون اور نقدی چھین کر فرار ہوا تھا۔
پولیس کے مطابق ملزمان کی ایک واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کر لی گئی ہے، جس میں انہیں مزاحمت کے دوران فائرنگ کرتے ہوئے واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔ اسی طرح خادم سولنگی گوٹھ میں ایک موبائل شاپ پر ڈکیتی کی واردات بھی اسی گروہ سے منسوب کی گئی ہے۔
تمام مقدمات متاثرہ شہریوں کی مدعیت میں تھانہ سائٹ سپر ہائی وے میں درج ہیں۔ گرفتار ملزمان میں محمد حسین، شیر خان عرف بلاول، محمد حسن اور صدام حسین شامل ہیں۔ دیگر فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں جبکہ گروہ کا سابقہ کرمنل ریکارڈ بھی چیک کیا جا رہا ہے۔
پولیس نے مزید کہا ہے کہ شہر میں اسٹریٹ کرائم کے خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی اور کسی بھی مجرم کو قانون کی گرفت سے بچنے نہیں دیا جائے گا۔
