کراچی کے ضلع وسطی میں “معرکۂ حق” کی پہلی سالگرہ کے موقع پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ایک پروقار کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد قومی یکجہتی، حب الوطنی اور افواجِ پاکستان سے اظہارِ تشکر تھا۔
یونائیٹڈ مسلم فورم کا معرکۂ حق کی کامیابی پر یومِ تشکر و یکجہتی، پاک فوج کو خراجِ تحسین
یہ میچ نارتھ ناظم آباد کے جیفکو گراؤنڈ میں کھیلا گیا جہاں ڈی سی الیون اور نارتھ ناظم آباد الیون کی ٹیمیں آمنے سامنے آئیں۔ دوستانہ مقابلے میں دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ کھیل پیش کیا جبکہ شائقین کی بڑی تعداد نے اس ایونٹ میں شرکت کرکے گراؤنڈ کو پرجوش ماحول میں بدل دیا۔
تقریب میں شہریوں نے پاک افواج سے اپنی گہری وابستگی کا اظہار کیا اور ملک کے دفاع میں دی گئی قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ضلع وسطی طحہ سلیم نے کہا کہ پاک افواج نے ہمیشہ وطنِ عزیز کے دفاع، امن اور استحکام کے لیے لازوال قربانیاں دی ہیں، جنہیں پوری قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ معرکۂ حق کی کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ جب قوم اور افواج ایک صف میں کھڑی ہوں تو کوئی بھی دشمن پاکستان کا بال بیکا نہیں کر سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سلامتی اور ترقی کے لیے ہر ممکن کوشش جاری رہے گی۔
ٹاؤن چیئرمین نارتھ ناظم آباد عاطف علی خان نے کہا کہ “پاکستان ہے تو ہم ہیں” اور پوری قوم افواجِ پاکستان کو سلام پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ افواج کی قربانیوں کی بدولت ملک آج محفوظ ہاتھوں میں ہے۔
تقریب میں ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ وقار احمد، اسسٹنٹ کمشنر فرید حنیف، ٹی ایم سی نارتھ ناظم آباد کے نمائندگان اور دیگر افسران بھی شریک ہوئے۔
اختتام پر کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے گئے جبکہ ملک کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔ مقررین نے اس ایونٹ کو قومی یکجہتی اور افواجِ پاکستان سے عوامی محبت کی خوبصورت مثال قرار دیا۔

