یونائیٹڈ مسلم فورم کا معرکۂ حق کی کامیابی پر یومِ تشکر و یکجہتی، پاک فوج کو خراجِ تحسین

کراچی کے ضلع ویسٹ میں یونائیٹڈ مسلم فورم کی جانب سے “معرکۂ حق آپریشن بنیان المرصوص” کی شاندار کامیابی کے ایک سال مکمل ہونے پر یومِ تشکر اور پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی کے سلسلے میں خصوصی تقریب اور مظاہرہ منعقد کیا گیا۔ اس موقع پر شرکاء نے پاک فوج سے اپنی مکمل حمایت اور محبت کا اظہار کرتے ہوئے افواجِ پاکستان کے حق میں زبردست نعرے لگائے اور وطنِ عزیز سے تجدیدِ عہدِ وفا کیا۔

پاکستان ایٹمی قوت ہونے کے باوجود امن کا خواہاں ہے، بھارت کی سازشیں عالمی سطح پر بے نقاب ہو چکی ہیں: سنی تحریک قیادت

چیئرمین یونائیٹڈ مسلم فورم آصف رضا قادری نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم ملک کی سلامتی اور استحکام کے لیے اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی افواج نے دشمن کی ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دے کر دنیا بھر میں وطنِ عزیز کا وقار بلند کیا ہے۔

آصف رضا قادری نے کہا کہ بھارت کسی غلط فہمی میں نہ رہے، پاکستان کے عوام اور اس کی افواج ہر قسم کی جارحیت کا مقابلہ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ “معرکۂ حق” پاکستان کی تاریخ میں ایک روشن باب ہے اور اس کی کامیابی قوم کے اتحاد اور افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کا ثبوت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان مٹنے کے لیے نہیں بنا بلکہ یہ ملک ان شاءاللہ تا قیامت قائم و دائم رہے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے بزرگوں نے بے شمار قربانیاں دے کر یہ وطن حاصل کیا ہے اور اب اس کی حفاظت ہم سب کی ذمہ داری ہے۔

مظاہرے کے دوران شرکاء نے پاک فوج اور بالخصوص فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی جرات مندانہ قیادت کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا اور افواجِ پاکستان کے حق میں نعرے لگائے۔ اس موقع پر رانا جاوید سیفی نے ملکی سلامتی، شہداء کے درجات کی بلندی اور استحکامِ پاکستان کے لیے خصوصی دعا کی۔

تقریب میں یونائیٹڈ مسلم فورم کے اراکین محمد فیضان قادری، محمد نوید صدیقی، محمد عثمان قادری، محمد فاروق قادری سمیت بڑی تعداد میں کارکنان اور شہری شریک ہوئے۔

شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ وطنِ عزیز کے دفاع، سلامتی اور استحکام کے لیے ہمیشہ افواجِ پاکستان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔

One thought on “یونائیٹڈ مسلم فورم کا معرکۂ حق کی کامیابی پر یومِ تشکر و یکجہتی، پاک فوج کو خراجِ تحسین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!