کراچی میں تجاوزات کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے، اس سلسلے میں اردو بازار میں رات گئے بڑا آپریشن کرتے ہوئے غیر قانونی پتھارے اور اسٹالز ہٹا دیے گئے جبکہ 10 دکانوں کو بھی سیل کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق کمشنر کراچی کی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر آرام باغ حاظم بھنگوار کی نگرانی میں اردو بازار میں انسدادِ تجاوزات آپریشن کیا گیا۔ کارروائی کے دوران سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر قائم غیر قانونی تجاوزات کا خاتمہ کیا گیا تاکہ شہریوں کو آمد و رفت میں درپیش مشکلات سے نجات دلائی جا سکے۔
اسسٹنٹ کمشنر آرام باغ حاظم بھنگوار کا کہنا تھا کہ اردو بازار کراچی کا ایک تاریخی اور اہم تعلیمی مرکز ہے جہاں روزانہ طلبہ، اساتذہ اور علمی و ادبی حلقوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد آتی ہے، تاہم تجاوزات مافیا نے فٹ پاتھوں اور اطراف کی جگہوں پر قبضہ جما کر شہریوں کے لیے شدید مشکلات پیدا کررکھی تھیں۔
انہوں نے بتایا کہ آپریشن کے دوران تمام غیر قانونی پتھارے اور اسٹالز ہٹا دیے گئے جبکہ قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والی 10 دکانوں کو سیل بھی کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ تجاوزات کے باعث نہ صرف ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی تھی بلکہ پیدل چلنے والوں کو بھی مشکلات کا سامنا تھا۔
حاظم بھنگوار نے واضح کیا کہ شہر کی تمام مارکیٹوں اور تجارتی مراکز کو تجاوزات سے پاک بنانے کے لیے بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی سہولت اور کراچی کی خوبصورتی کی بحالی کے لیے انتظامیہ ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور کسی کو بھی سرکاری زمین یا فٹ پاتھوں پر غیر قانونی قبضے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
