کراچی میں پاکستان سنی تحریک کی مرکزی قیادت نے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ پاکستان ایک ایٹمی طاقت ہونے کے باوجود خطے میں امن، استحکام اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے مسلسل کردار ادا کر رہا ہے، تاہم بھارت کی جانب سے خطے کے امن کو سبوتاژ کرنے کی کوششیں مسلسل جاری ہیں۔
اردو بازار میں تجاوزات کے خلاف رات گئے بڑا آپریشن، 10 دکانیں سیل
چیئرمین انجینئر محمد ثروت اعجاز قادری، مرکزی صدر صاحبزادہ علامہ بلال عباس قادری اور مرکزی سیکریٹری جنرل صاحبزادہ علامہ بلال سلیم قادری شامی نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان نے ہر مشکل وقت میں ذمہ دار ریاست ہونے کا ثبوت دیا ہے اور ہمیشہ مذاکرات اور امن کی پالیسی کو ترجیح دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف مسلسل پروپیگنڈا، دہشت گردی کی مبینہ سرپرستی اور خطے میں عدم استحکام پیدا کرنے کی کوششیں اب عالمی سطح پر بے نقاب ہو چکی ہیں۔ ان رہنماؤں کے مطابق مختلف بین الاقوامی رپورٹس اور شواہد اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ بھارت خطے میں کشیدگی بڑھانے میں ملوث رہا ہے۔
ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ پاکستان اگر چاہے تو ہر جارحیت کا سخت جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے، تاہم ریاست نے ہمیشہ تحمل، بردباری اور ذمہ داری کا مظاہرہ کیا ہے کیونکہ پاکستان جنگ نہیں بلکہ امن چاہتا ہے۔
علامہ بلال عباس قادری نے کہا کہ پاک افواج اور پاکستانی قوم ملک کے دفاع کے لیے ہر وقت تیار ہیں اور دشمن کی ہر سازش کو ناکام بنانے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی ہر اشتعال انگیزی کو ماضی میں بھی ناکامی اور رسوائی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
علامہ بلال سلیم قادری شامی نے کہا کہ بھارت کی تمام منفی سرگرمیاں اب عالمی سطح پر واضح ہو چکی ہیں اور دنیا جان چکی ہے کہ خطے میں کشیدگی کا اصل ذمہ دار کون ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنی افواج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے اور وطن کے دفاع، سلامتی اور خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کا امن، استحکام اور دفاع ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا اور کسی بھی دشمن قوت کو ملک کے خلاف سازش کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
