اسلام آباد / کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) — معرکۂ حق کو ایک سال مکمل ہونے پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے خصوصی پیغامات جاری کیے گئے ہیں جن میں اس تاریخی مرحلے کو پاکستان کی دفاعی تاریخ کا اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، قومی اتحاد اور علاقائی امن کے لیے پاکستان کے کردار کو بھرپور انداز میں سراہا گیا ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ معرکۂ حق میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی جراتمندانہ قیادت اور بروقت فیصلوں نے پاکستان کے دفاعی ردعمل کو مؤثر اور کامیاب بنایا۔ انہوں نے پاک فضائیہ کی غیر معمولی مہارت، پاک بحریہ کی دفاعی حکمت عملی اور بری افواج کی ثابت قدمی کو قومی سلامتی کے لیے ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان تمام اداروں نے مل کر ملک کے ناقابل تسخیر دفاع کو مزید مضبوط کیا ہے۔
صدر مملکت نے واضح کیا کہ پاکستان ایک ذمہ دار اور امن پسند ریاست ہے جس نے ہر سطح پر دشمن کی جارحیت کا متوازن اور مؤثر جواب دے کر اپنی دفاعی صلاحیتوں کا دنیا کو عملی پیغام دیا۔ انہوں نے مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔
آصف علی زرداری نے سندھ طاس معاہدے سے متعلق بھارتی رویے کو “آبی دہشت گردی” قرار دیتے ہوئے کہا کہ پانی کروڑوں پاکستانیوں کی بنیادی ضرورت اور زندگی کا مسئلہ ہے، جس پر کوئی سمجھوتہ ممکن نہیں۔ انہوں نے افغانستان پر بھی زور دیا کہ وہ اپنی سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال ہونے سے روکے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ معرکۂ حق اللہ تعالیٰ کے انعامات پر شکر ادا کرنے کا دن ہے جس میں پاکستان نے دشمن کو واضح اور فیصلہ کن شکست دی۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج، پاک فضائیہ، پاک بحریہ اور سائبر محاذ پر تعینات اداروں نے ملک کو ناقابلِ تسخیر قوت میں تبدیل کیا۔
وزیراعظم نے شہداء اور غازیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم کو نہ جھکایا جا سکتا ہے اور نہ ہی مرعوب کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دشمن کی ہر جارحیت کا جواب فیصلہ کن انداز میں دیا گیا اور پاکستان نے ہر محاذ پر برتری حاصل کی۔
شہباز شریف نے فیلڈ مارشل عاصم منیر، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور ایڈمرل نوید اشرف کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی حکمت عملی نے قومی دفاع کو نئی جہت دی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خوارج اور فتنہ الہندوستان کے مکمل خاتمے تک اپنی جدوجہد جاری رکھے گا۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان عالمی سطح پر ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر ابھر رہا ہے اور ایران امریکا کشیدگی میں پاکستان کی سفارتی کوششوں کو بھی عالمی سطح پر سراہا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور توازن کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔
