نیو کراچی انڈسٹریل ایریا پولیس کی بڑی کارروائی، بین الصوبائی ڈکیت گینگ گرفتار، خاتون سمیت 5 ملزمان دھر لیے گئے

کراچی (08 مئی 2026):- ڈسٹرکٹ سینٹرل کراچی میں نیو کراچی انڈسٹریل ایریا پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے میاں بیوی کی سربراہی میں سرگرم بین الصوبائی ڈکیت گینگ کو گرفتار کر لیا۔ کارروائی کے دوران پولیس مقابلے کے بعد خاتون سمیت 5 ملزمان کو حراست میں لیا گیا جبکہ دو ملزمان زخمی حالت میں گرفتار ہوئے۔

سی آئی اے کراچی کی منشیات فروشوں کے خلاف بڑی کارروائی، پاپوش نگر سے دو سپلائرز گرفتار، چرس برآمد

ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل ڈاکٹر محمد عمران خان (PSP) کے مطابق گرفتار ملزمان میں اظہر شاہ، پیارے عرف پیارو، مراد بخش عرف حاجی، منظور حسین اور دعا شامل ہیں۔ گرفتار گروہ کراچی کے مختلف علاقوں میں ڈکیتی، اسٹریٹ کرائم اور ہاؤس رابری کی متعدد وارداتوں میں ملوث پایا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق ملزمان نے دورانِ تفتیش اہم وارداتوں کا اعتراف کیا ہے، جن میں نیو کراچی کے علاقے میں شہری سمن سے 18 لاکھ 75 ہزار روپے چھیننے اور نیو سبزی منڈی کے قریب پیٹرول پمپ مالک سے 64 لاکھ روپے کی ڈکیتی شامل ہے۔ واردات کے دوران مزاحمت پر ایک شہری کو فائرنگ کرکے زخمی بھی کیا گیا تھا۔

پولیس نے 64 لاکھ روپے کی بڑی ڈکیتی کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کر لی ہے، جس کی مدد سے مزید شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔ ملزمان نے یہ بھی انکشاف کیا ہے کہ لوٹی گئی رقم سے انہوں نے کاریں، موٹرسائیکلیں اور اسلحہ خریدا۔

مزید تحقیقات میں سامنے آیا ہے کہ گرفتار گروہ نے سرجانی ٹاؤن کے ایک میڈیکل اسٹور پر ڈکیتی کی واردات بھی کی، جس میں نقدی اور موبائل فون لوٹے گئے۔ اس واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی پولیس کے قبضے میں ہے۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان مویشی منڈی آنے والے تاجروں کو لوٹنے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے کہ بروقت کارروائی کے دوران گرفتار کر لیے گئے۔ ملزم پیارے عرف پیارو سکھر کے مختلف مقدمات میں بھی اشتہاری قرار دیا جا چکا ہے۔

حکام کے مطابق ملزمان کا سابقہ کریمنل ریکارڈ بھی حاصل کر لیا گیا ہے جبکہ ان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں۔

پولیس نے ملزمان کے قبضے سے 4 پستول، نقد رقم، موبائل فونز اور 2 موٹرسائیکلیں برآمد کی ہیں۔ گرفتار گروہ کو ایک منظم بین الصوبائی جرائم پیشہ نیٹ ورک کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔

ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل نے کہا کہ شہر میں اسٹریٹ کرائم اور منظم جرائم کے خاتمے کے لیے کارروائیاں مزید تیز کی جا رہی ہیں اور کسی بھی مجرم کو قانون سے بچنے نہیں دیا جائے گا۔

WhatsApp Image 2026 05 08 at 7.09.25 PM

One thought on “نیو کراچی انڈسٹریل ایریا پولیس کی بڑی کارروائی، بین الصوبائی ڈکیت گینگ گرفتار، خاتون سمیت 5 ملزمان دھر لیے گئے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!