وفاقی تحقیقاتی ادارہ (FIA) کراچی زون نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے سونا اور چاندی کی اسمگلنگ اور خفیہ ری پروسیسنگ کے نیٹ ورک کو بے نقاب کر دیا۔
نیو سبزی منڈی میں سبزی کی آڑ میں گٹکا ماوا اور چھالیہ اسمگلنگ کی کوشش ناکام، ایک ملزم گرفتار
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ڈائریکٹر ایف آئی اے کراچی کی نگرانی میں اینٹی کرپشن سرکل (ACC) نے کارروائی کرتے ہوئے اسمگلنگ مافیا کو بڑا نقصان پہنچایا۔ کارروائی میں ملزم طارق محمود، ڈائریکٹر TGM Gold Bullion Pvt. Limited، مرکزی کردار کے طور پر سامنے آیا ہے۔
تحقیقات کے مطابق ایران، افغانستان اور دبئی سے اسمگل کی گئی چاندی کراچی منتقل کی جاتی تھی، جہاں اسے پگھلا کر غیر ملکی ہال مارکس ختم کیے جاتے اور بعد ازاں مقامی مارکیٹ میں فروخت کیا جاتا تھا۔
ایف آئی اے نے صدر کراچی میں بیک وقت متعدد چھاپے مارے، جن میں رہائشی یونٹ، فیکٹری اور کمرشل آؤٹ لیٹ شامل تھے۔ کارروائی کے دوران 5,542 تولہ چاندی اور 40 تولہ سونا برآمد کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق برآمد شدہ قیمتی دھاتوں کی مالیت تقریباً 6 کروڑ 66 لاکھ روپے سے زائد ہے، جبکہ چھاپوں کے دوران مشینری، فیبریکیشن ڈائز اور اہم شواہد بھی قبضے میں لے لیے گئے۔
ایف آئی اے نے ملزمان طارق محمود، جاوید خان اور دیگر کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے جبکہ نیٹ ورک کے مزید روابط اور بین الاقوامی سپلائی چین کی تحقیقات جاری ہیں۔
ادارے نے واضح کیا ہے کہ اسمگلنگ مافیا اور اس کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی اور تمام عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

