کراچی میں ڈسٹرکٹ ساؤتھ پولیس کے زیر اہتمام “معرکۂ حق” کے حوالے سے ایک پُروقار ریلی کا انعقاد کیا گیا جس کا مقصد پاک افواج سے اظہارِ یکجہتی اور قومی اتحاد، امن و حب الوطنی کے جذبے کو فروغ دینا تھا۔
شہر میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف SBCA کا بڑا کریک ڈاؤن، متعدد عمارتیں مسمار
ریلی ایس ایس پی ڈسٹرکٹ ساؤتھ مہزور علی کی قیادت میں نشانِ پاکستان سے دو دریا تک نکالی گئی۔ اس موقع پر ایس پی کلفٹن خالد جاوید، ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز، شاہین فورس کے اہلکاروں، سول سوسائٹی اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
شرکاء نے قومی پرچم اٹھا رکھے تھے اور پاکستان زندہ باد، سندھ پولیس پائندہ باد اور پاک افواج کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے۔ ریلی کے دوران شرکاء نے ملک کی سلامتی، استحکام اور دفاع کے لیے پاک افواج اور سندھ پولیس کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
اس موقع پر ایس ایس پی مہزور علی نے کہا کہ سندھ پولیس اور پاک افواج ملک کے امن و استحکام کی ضامن ہیں جنہوں نے ہر مشکل وقت میں قوم کی حفاظت کے لیے قربانیاں دیں۔ انہوں نے کہا کہ “معرکۂ حق” ریلی قومی یکجہتی اور وطن سے محبت کے عزم کی واضح عکاس ہے۔
ریلی پُرامن ماحول میں اختتام پذیر ہوئی جبکہ شرکاء نے پاکستان کی سلامتی، ترقی اور امن کے لیے خصوصی دعائیں بھی کیں۔


