اسلام آباد میں بھارت کے خلاف معرکہ حق کی کامیابی کا ایک سال مکمل ہونے پر پاک افواج نے خصوصی پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس معرکے میں دشمن نے پاکستان کی قوت اور فیصلہ کن صلاحیت کا عملی مشاہدہ کیا۔
بجلی صارفین کے لیے سبسڈی کی معلومات کے لیے نیا نظام، بل پر QR کوڈ سے رجسٹریشن لازمی
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک افواج نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ معرکہ حق نے قومی اعتماد کو نئی مضبوطی دی اور پاک فضائیہ کی جدید جنگی تیاریوں کو دنیا کے سامنے واضح کیا۔ بیان میں کہا گیا کہ پاک فضائیہ جدید ٹیکنالوجی اور پیشہ ورانہ مہارت کے ذریعے مستقبل کی مضبوط فضائی قوت کے طور پر ابھر رہی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ معرکہ حق کے دوران دشمن کو واضح پیغام دیا گیا کہ کسی بھی جارحیت کا جواب پہلے سے زیادہ طاقت، درستگی اور عزم کے ساتھ دیا جائے گا، اور آئندہ ہر مہم جوئی کا جواب اس سے بھی زیادہ سخت ہوگا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملٹی ڈومین آپریشنز میں مہارت نے پاک فضائیہ کو ایک مؤثر اور فیصلہ کن قوت بنا دیا ہے جبکہ معرکہ حق کے آپریشنز فضائی جنگ کی تاریخ میں اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت کی مثال ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ پاک فضائیہ کی کامیابیوں نے قوم کے اعتماد اور حب الوطنی کے جذبے کو مزید مضبوط کیا ہے۔ ساتھ ہی واضح کیا گیا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے اور پاک افواج خطے میں امن اور استحکام کے فروغ کے لیے پرعزم ہیں۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاک افواج خطے کی بدلتی جیوپولیٹیکل صورتحال اور دشمن کی عسکری تیاریوں سے مکمل طور پر باخبر ہیں اور جدید ٹیکنالوجی و پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں مسلسل سرمایہ کاری جاری ہے۔
بیان کے مطابق پاک فضائیہ نے پاکستان کی فضائی حدود کے دفاع میں کلیدی کردار ادا کیا اور دشمن کے عزائم کو ناکام بنایا۔ پاک فضائیہ کی جرات، تیاری اور بروقت کارروائی کو عسکری تاریخ کا روشن باب قرار دیا گیا۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ پاک فضائیہ ہمیشہ قوم کے لیے فخر، طاقت اور اعتماد کی علامت بنی رہے گی۔
