سندھ حکومت کا خواتین کے لیے 1000 مزید پنک ای وی اسکوٹیز خریدنے اور انٹر سٹی پیپلز بس سروس شروع کرنے کا فیصلہ

کراچی میں سندھ حکومت نے خواتین کی سہولت اور ماس ٹرانزٹ نظام کی بہتری کے لیے اہم فیصلے کیے ہیں، جن کے تحت مزید 1000 پنک ای وی اسکوٹیز خریدنے اور انٹر سٹی پیپلز بس سروس شروع کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان سے علماء پیس کونسل کے وفد کی ملاقات، امن و امان پر تبادلۂ خیال

سینئر وزیر اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت محکمہ ٹرانسپورٹ کا اہم اجلاس ہوا جس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، ایم ڈی سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی سلیم اللہ اوڈھو سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں پیپلز بس سروس کے نئے روٹس، پنک ای وی اسکوٹیز کی تقسیم، ای وی ٹیکسی سروس اور دیگر ماس ٹرانزٹ منصوبوں پر تفصیلی غور کیا گیا۔ شرجیل میمن نے بتایا کہ جلد لاڑکانہ، دادو، سہون، حیدرآباد، سانگھڑ سمیت مختلف اضلاع میں انٹر سٹی بس سروس شروع کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کے لیے نئی ای وی اور ڈبل ڈیکر بسیں بھی لائی جا رہی ہیں جبکہ خیرپور تا روہڑی اور خیرپور تا رانی پور نئے روٹس آئندہ ہفتے شروع کیے جائیں گے۔

شرجیل انعام میمن نے ہدایت کی کہ پنک ای وی اسکوٹیز کی رجسٹریشن سے متعلق مسائل کو فوری حل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ خواتین کو بااختیار بنانے اور انہیں محفوظ و باوقار سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔

اجلاس میں ماس ٹرانزٹ نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے مزید ڈبل ڈیکر اور ہائبرڈ بسیں چلانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ آئندہ چند ماہ میں مزید نئی بسیں کراچی پہنچ جائیں گی جس سے شہریوں کو سفری سہولیات میں نمایاں بہتری آئے گی۔

وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ سندھ حکومت عوام کو جدید، محفوظ اور ماحول دوست سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ ان کے مطابق خواتین، طلبہ اور روزانہ سفر کرنے والے شہریوں کی سہولت حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

شرجیل انعام میمن نے ہدایت کی کہ جاری منصوبوں کی رفتار مزید تیز کی جائے تاکہ عوام جلد ان سہولیات سے مستفید ہو سکیں۔

One thought on “سندھ حکومت کا خواتین کے لیے 1000 مزید پنک ای وی اسکوٹیز خریدنے اور انٹر سٹی پیپلز بس سروس شروع کرنے کا فیصلہ

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!