کراچی (6 مئی 2026): فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (FIA) نے کراچی میں غیر قانونی کرنسی اور حوالہ ہنڈی کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے ایک منظم حوالہ نیٹ ورک کو بے نقاب کر دیا اور تین ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
آئی جی سندھ سے سندھ ہائی کورٹ بار کے وفد کی ملاقات: پولیس و وکلا روابط مزید مضبوط بنانے پر اتفاق
ایف آئی اے حکام کے مطابق کارروائی گلشن اقبال کے علاقے میں خفیہ اطلاع پر کی گئی، جہاں سے نعمان، لیاقت اور مدثر نامی ملزمان کو حراست میں لیا گیا۔ چھاپے کے دوران 20 ہزار امریکی ڈالر برآمد کیے گئے، جو مبینہ طور پر غیر قانونی منی ٹرانسفر کا حصہ تھے۔
حکام نے بتایا کہ کارروائی کے دوران 5 موبائل فونز بھی قبضے میں لیے گئے، جن سے اہم ڈیجیٹل شواہد حاصل ہوئے ہیں۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزمان حوالہ ہنڈی کے ذریعے رقوم کی غیر قانونی ترسیل میں ملوث تھے۔
ایف آئی اے نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا ہے جبکہ نیٹ ورک کے دیگر سہولت کاروں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق تحقیقات کے دوران نیٹ ورک کے وسیع پھیلاؤ کے شواہد بھی سامنے آئے ہیں، جس کے بعد سیکیورٹی اداروں نے ملک بھر میں غیر قانونی کرنسی نیٹ ورکس کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ معیشت کو نقصان پہنچانے والی سرگرمیوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور حوالہ ہنڈی میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
