کراچی (6 مئی 2026): انسپکٹر جنرل آف پولیس سندھ جاوید عالم اوڈھو سے سندھ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کی پولیس وکلا کوآرڈینیشن کمیٹی کے 7 رکنی وفد نے سینٹرل پولیس آفس کراچی میں ملاقات کی، جس میں پولیس اور وکلا برادری کے درمیان پیشہ ورانہ روابط اور باہمی تعاون کو مزید مؤثر بنانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفد کی قیادت جوائنٹ سیکریٹری سندھ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن و فوکل پرسن حذیفہ خان نے کی جبکہ دیگر اراکین میں مختلف کمیٹیوں کے چیئرمین بھی شامل تھے۔
ملاقات کے دوران وفد نے آئی جی سندھ کو سندھ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر، جنرل سیکریٹری اور گورننگ باڈی کی جانب سے نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایا اور انہیں بار ایسوسی ایشن کے دورے کی باضابطہ دعوت بھی دی۔
اس موقع پر دونوں جانب سے اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ کریمنل جسٹس سسٹم میں پولیس اور وکلا بنیادی شراکت دار ہیں اور نظام انصاف کی بہتری کے لیے دونوں اداروں کے درمیان مضبوط رابطہ ناگزیر ہے۔
آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ پولیس کی ذمہ داری شواہد پر مبنی مضبوط تفتیش کے ذریعے کیس تیار کرنا ہے جبکہ وکلا کا کردار عدالت میں مؤثر پیروی کے ذریعے انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پولیس اور وکلا کے درمیان بہتر تعاون سے ہی کریمنل جسٹس سسٹم کو زیادہ مؤثر، آسان اور عوام دوست بنایا جا سکتا ہے۔
آئی جی سندھ نے وفد کی آمد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے سندھ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے تعاون کو سراہا اور کہا کہ مستقبل میں بھی اس نوعیت کے روابط جاری رہنے چاہئیں۔
ملاقات میں اے آئی جی لیگل اور ایس ایس پی میڈیا اینڈ پبلک ریلیشنز بھی موجود تھے۔

