کراچی (6 مئی 2026): ضلع کیماڑی پولیس نے بلوچستان سے کراچی منشیات، نان کسٹم پیڈ سامان اور دیگر ممنوعہ اشیاء کی اسمگلنگ کی کوششوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں کرتے ہوئے متعدد نیٹ ورکس کو ناکام بنا دیا۔
عوام دوست مویشی منڈی میں گہما گہمی عروج پر، قربانی کے جانوروں کی تعداد سوا لاکھ سے تجاوز
تھانہ موچکو پولیس نے حب ریور کے داخلی راستے پر ناکہ بندی کے دوران چار مختلف کامیاب کارروائیاں کیں، جن میں مجموعی طور پر 5 ملزمان کو گرفتار کیا گیا جبکہ لاکھوں روپے مالیت کا ممنوعہ سامان برآمد کیا گیا۔
پہلی کارروائی میں موچکو چیک پوسٹ پر حب چوکی سے آنے والے رکشہ کی تلاشی کے دوران 50 پیکٹس (5500 پڑیاں) انڈین گٹکا برآمد کیا گیا، جس پر ملزم عبد الستار کو گرفتار کر لیا گیا۔
دوسری کارروائی میں ایک مسافر بس سے دو ملزمان جمشید اور بلاول کو گرفتار کیا گیا، جن کے قبضے سے 105 ڈنڈے غیر ملکی سگریٹ، 1100 پڑیاں انڈین گٹکا اور 100 پڑیاں ماوا برآمد ہوئیں۔
تیسری کارروائی میں حب ریور روڈ پر محمد عدیم نامی ملزم کو گرفتار کیا گیا، جس کے قبضے سے 80 پڑیاں مضر صحت گٹکا اور ماوا برآمد کیا گیا۔
چوتھی کارروائی میں شبیر خان نامی ملزم کو حب ریور روڈ سے 50 گرام چرس سمیت گرفتار کیا گیا۔
پولیس کے مطابق تمام گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے تاکہ اس نیٹ ورک میں شامل دیگر عناصر کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔
ترجمان کیماڑی پولیس نے کہا ہے کہ بلوچستان سے کراچی منشیات اور غیر قانونی اشیاء کی ترسیل روکنے کے لیے ناکہ بندی اور نگرانی مزید سخت کر دی گئی ہے اور اس سلسلے میں کارروائیاں جاری رہیں گی۔

