275 ویں کور کمانڈرز کانفرنس: فیلڈ مارشل عاصم منیر کا قومی اتحاد اور دہشتگردی کے مکمل خاتمے کا عزم

راولپنڈی (05 مئی 2026) — چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر کی زیر صدارت 275 ویں کور کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں ملکی سلامتی، داخلی و خارجی چیلنجز، انسداد دہشتگردی آپریشنز اور خطے کی مجموعی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

کراچی بوٹ بیسن میں شیشہ کیفے پر پولیس کا چھاپہ، منیجر سمیت 6 افراد گرفتار

آئی ایس پی آر کے مطابق فورم نے مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور وطن کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اجلاس میں کہا گیا کہ شہدا کی قربانیاں پاکستان کی قومی سلامتی، اتحاد اور استقامت کی بنیاد ہیں۔

کانفرنس میں دہشتگرد نیٹ ورکس کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا گیا اور کہا گیا کہ ان کے معاون انفراسٹرکچر کو بھی ختم کیا جائے گا۔ فورم نے واضح کیا کہ پاکستان کی سرزمین کو کسی بھی شرانگیز کارروائی سے محفوظ رکھنے کے لیے آپریشنل رفتار برقرار رکھی جائے گی، جبکہ آپریشن "غضب للحق” کے تحت دہشتگردوں کے خلاف مسلسل کارروائیاں جاری ہیں۔

افغان طالبان حکومت سے متعلق گفتگو میں کہا گیا کہ بعض عناصر کی جانب سے دہشتگرد گروہوں کو پناہ دینا خطے کے امن کے لیے نقصان دہ ہے، جبکہ پاکستان پر لگائے گئے الزامات کو من گھڑت اور منظم پروپیگنڈا قرار دیا گیا۔ فورم کے مطابق پاکستان کی کارروائیاں صرف دہشتگردوں اور ان کے ٹھکانوں کے خلاف ہیں۔

کانفرنس میں علاقائی امن و استحکام پر زور دیتے ہوئے کہا گیا کہ پاکستان خطے میں کشیدگی کم کرنے اور ذمہ دارانہ رویے کی حمایت کرتا ہے۔ فورم نے واضح کیا کہ خطے میں امن کا انحصار باہمی احترام اور خودمختاری کے اصولوں پر ہے۔

مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور آبادیاتی تبدیلیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے پاکستان نے کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ “معرکہ حق” قومی اتحاد، خودمختاری کے تحفظ اور اجتماعی عزم کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام اندرونی و بیرونی چیلنجز کے مقابلے میں قوم “بنیان مرصوص” کی مانند متحد ہے۔

انہوں نے کہا کہ معرکہ حق عوام، حکومت اور افواج پاکستان کے درمیان غیر متزلزل ہم آہنگی کی واضح مثال ہے۔ فیلڈ مارشل نے مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت، تیاری اور انسداد دہشتگردی کارروائیوں میں کامیابیوں کو سراہا اور مستقبل میں بھی اعلیٰ سطح کی آپریشنل تیاری برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔

One thought on “275 ویں کور کمانڈرز کانفرنس: فیلڈ مارشل عاصم منیر کا قومی اتحاد اور دہشتگردی کے مکمل خاتمے کا عزم

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!