کراچی: وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے ضلع شکارپور میں طلائی زیورات کی ڈکیتی میں ملوث ملزمان کی گرفتاری اور مسروقہ مال کی برآمدگی پر پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ایس ایس پی شکارپور اور ان کی ٹیم کو شاباش دی ہے۔
کراچی میں عید الاضحیٰ سے قبل 5 مقامات پر مویشی منڈیاں لگانے کی اجازت، کمشنر کراچی کا نوٹیفکیشن جاری
وزیر داخلہ سندھ نے کہا ہے کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے، جبکہ دورانِ فرائض جرات، بہادری اور بروقت فیصلے ہی کامیابی کی ضمانت ہوتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق 3 مئی 2026 کو ضلع شکارپور میں رہزنی کی ایک واردات پیش آئی، جس میں دو مسلح ملزمان نے عابھیمان ولد کنیا لال (مذہباً ہندو) کے گھر میں داخل ہو کر طلائی زیورات اور نقدی لوٹ لی۔ پولیس کے مطابق مزید دو ملزمان گھر کے باہر نگرانی پر مامور تھے۔
ایس ایس پی شکارپور کے مطابق واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے پولیس نے مقدمہ نمبر 38/2026 بجرم دفعات 397/34 تعزیراتِ پاکستان درج کیا۔ مقدمہ نامعلوم مسلح ملزمان کے خلاف درج کیا گیا تھا۔
پولیس نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے 24 گھنٹوں کے اندر کیس ٹریس کرلیا اور مرکزی ملزم کو گرفتار کرلیا۔ کارروائی کے دوران آلۂ واردات اور لوٹا گیا طلائی زیور بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔
وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ پولیس کی بروقت کارروائی قابلِ تحسین ہے اور ایسے اقدامات سے عوام کا اعتماد مزید مضبوط ہوتا ہے۔
ترجمان وزیر داخلہ سندھ سہیل احمد جوکھیو کے مطابق مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ واردات میں ملوث دیگر ملزمان کو بھی گرفتار کیا جا سکے۔
