شرجیل میمن کا شاہراہ بھٹو کو کراچی کے لیے گیم چینجر قرار، ترقیاتی منصوبوں کی رفتار تیز کرنے کے عزم کا اظہار

کراچی: سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے شاہراہ بھٹو کو کراچی کے لیے ایک اہم اور "گیم چینجر” منصوبہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ شہر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو تیزی سے مکمل کرنے کے لیے حکومت نے سخت اور عملی فیصلے کیے ہیں۔

کراچی سمیت سندھ میں شدید گرمی کی لہر، درجہ حرارت خطرناک حد تک پہنچ گیا

بی آر ٹی ریڈ لائن کے مختلف حصوں کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ ریڈ لائن کے لاٹ 1 اور لاٹ 2 پر تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے اور فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (FWO) کو ذمہ داری ملنے کے بعد منصوبے کی رفتار میں واضح بہتری آئی ہے۔

انہوں نے اعتراف کیا کہ بڑے پیمانے پر جاری ترقیاتی کاموں کے باعث شہریوں کو وقتی مشکلات کا سامنا ہے، تاہم حکومت ان مسائل سے مکمل طور پر آگاہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہری انفراسٹرکچر کی تعمیر ایک پیچیدہ عمل ہے، کیونکہ اس دوران گیس، بجلی اور پانی کی لائنوں کی منتقلی جیسے تکنیکی مراحل درپیش ہوتے ہیں، جنہیں فوری مکمل کرنا ممکن نہیں ہوتا۔

صوبائی وزیر کے مطابق حکومت کی کوشش ہے کہ جولائی کے آخر تک کم از کم مکسڈ ٹریفک کے لیے کچھ حصے کھول دیے جائیں تاکہ شہریوں کو جزوی ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

شرجیل میمن نے کہا کہ بی آر ٹی ریڈ لائن محض ایک ٹرانسپورٹ منصوبہ نہیں بلکہ آئندہ 100 سال کی شہری ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق پائیدار ٹرانسپورٹ سسٹم کے لیے مضبوط سڑکوں اور انفراسٹرکچر کی تعمیر ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر تھر جیسے علاقوں میں بھی جدید سڑکیں بن سکتی ہیں تو شہری منصوبوں کی رفتار میں بہتری ممکن ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ بی آر ٹی کی دیگر لائنز، جن میں اورنج اور یلو لائن شامل ہیں، پر بھی کام جاری ہے جبکہ شاہراہ بھٹو جیسے بڑے منصوبے کراچی کے ٹرانسپورٹ نظام میں بنیادی تبدیلی لائیں گے۔

شرجیل میمن نے کہا کہ کراچی ایک بڑا اور پیچیدہ شہر ہے جہاں چیلنجز زیادہ ہیں، لیکن حکومت ان مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے اور تمام ترقیاتی منصوبے ہر صورت مکمل کیے جائیں گے۔

عدالتی معاملات سے متعلق ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بی آر ٹی سے متعلق چار سال کے معاملات پر وہ جلد تفصیلی پریس کانفرنس کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام امور عدالت کے سامنے پیش کیے جائیں گے اور وہ عدلیہ کا احترام کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے عدالتیں بھی انصاف فراہم کریں گی اور جو بھی فیصلہ آئے گا اسے قبول کیا جائے گا۔

شرجیل میمن نے واضح کیا کہ بی آر ٹی منصوبے کا کام کسی صورت نہیں رکے گا، چاہے کوئی بھی عدالتی حکم آئے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت عدالتی احکامات کا احترام کرے گی لیکن ترقیاتی کاموں کا سلسلہ مسلسل جاری رہے گا۔

One thought on “شرجیل میمن کا شاہراہ بھٹو کو کراچی کے لیے گیم چینجر قرار، ترقیاتی منصوبوں کی رفتار تیز کرنے کے عزم کا اظہار

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!