کراچی: صفورا چورنگی میں رینجرز کی بڑی کارروائی، غیر قانونی اسلحہ رکھنے والا ملزم گرفتار

کراچی کے علاقے صفورا چورنگی، ڈیسنٹ گارڈن میں پاکستان رینجرز (سندھ) نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی اسلحہ سے متعلق سرگرمیوں میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار کر لیا۔
کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا عظیم پورہ انٹر سیکشن فلائی اوور منصوبے کا دورہ، پیش رفت کا جائزہ

ترجمان رینجرز کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت زوہیب ولد چوہدری محمد سرور جٹ کے نام سے ہوئی ہے، جس کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، ایمونیشن اور دیگر مشکوک سامان برآمد کیا گیا ہے۔

برآمد ہونے والے اسلحے میں 5 عدد M4 رائفل، 1 عدد 30 بور گن، 1 عدد 12 بور پمپ ایکشن، 1 عدد 222 بور رائفل اور 1 عدد ایئر گن شامل ہے۔ اس کے علاوہ 2 موبائل فونز، سونے کی چین اور نقدی بھی برآمد کی گئی۔

رینجرز کے مطابق ناکارہ اور اضافی اسلحے میں 3 عدد 30 بور گن، 4 عدد 12 بور گن، 17 لوہے کے بٹ، 20 مختلف اقسام کے پرزہ جات، 70 راؤنڈز ایمونیشن، 14 خول اور 132 میگزین بھی شامل ہیں۔

مزید برآمدگی میں 13 جعلی لائسنس، 3 بلوچستان کے لائسنس، اسلحہ پنچنگ کے اوزار، نجی سیکیورٹی کمپنی کی 6 مہریں اور 9 جعلی اتھارٹی لیٹرز کی بک بھی شامل ہیں۔

ترجمان کے مطابق ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں، جبکہ ابتدائی تحقیقات میں اس بات کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ برآمد شدہ اسلحہ دہشت گردی یا دیگر غیر قانونی سرگرمیوں میں استعمال کیا جا سکتا تھا۔

گرفتار ملزم کو اسلحہ اور ایمونیشن سمیت مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

رینجرز نے عوام سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی مشکوک یا غیر قانونی سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر قریبی رینجرز چیک پوسٹ، ہیلپ لائن 1101 یا واٹس ایپ نمبر 0347-9001111 پر دیں۔ اطلاع دینے والے کا نام صیغۂ راز میں رکھا جائے گا۔

One thought on “کراچی: صفورا چورنگی میں رینجرز کی بڑی کارروائی، غیر قانونی اسلحہ رکھنے والا ملزم گرفتار

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!