کراچی کے علاقے شاہراہِ قائدین، سوسائٹی قبرستان کے قریب شاہین فورس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں ایک ڈاکو ہلاک جبکہ اس کا ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
کراچی: صفورا چورنگی میں رینجرز کی بڑی کارروائی، غیر قانونی اسلحہ رکھنے والا ملزم گرفتار
پولیس کے مطابق ملزمان شہریوں سے لوٹ مار میں مصروف تھے کہ اطلاع ملنے پر فورس فوری طور پر موقع پر پہنچی۔ پولیس کے پہنچتے ہی ملزمان نے فائرنگ شروع کر دی، جس کے جواب میں پولیس کی جوابی کارروائی کے دوران ایک ڈاکو مارا گیا۔
ترجمان پولیس کے مطابق ہلاک ڈاکو کی شناخت عادل پچھاڑی کے نام سے ہوئی ہے، جو شہر میں متعدد وارداتوں میں ملوث تھا۔ ابتدائی ریکارڈ کے مطابق ملزم فیروزآباد، ٹیپو سلطان، نیو ٹاؤن اور بہادرآباد کے علاقوں میں اسٹریٹ کرائم کی کئی وارداتوں میں مطلوب تھا۔
پولیس نے بتایا کہ ہلاک ملزم نے گزشتہ روز بھی ٹیپو سلطان روڈ پر ڈکیتی کی واردات کی تھی، جس کے دوران مزاحمت پر اس نے فائرنگ کر کے ایک لڑکی کو زخمی کیا تھا۔
پولیس کے مطابق فرار ہونے والے ملزم کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے، جبکہ ہلاک ڈاکو کا ریکارڈ بھی مختلف تھانوں سے حاصل کیا جا رہا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ شہر میں اسٹریٹ کرائم کے خاتمے کے لیے کارروائیاں مزید تیز کر دی گئی ہیں اور ایسے عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے۔
