کراچی(اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے صوبے کے وسطی اور بالائی اضلاع میں شدید گرمی اور ہیٹ ویو کی صورتحال کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو فوری حفاظتی اور امدادی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت جاری کردی ہے۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری الرٹ کے مطابق جامشورو، دادو، شہید بینظیر آباد، گھوٹکی اور سانگھڑ سمیت مختلف اضلاع اس وقت شدید ہیٹ ویو کی لپیٹ میں ہیں، جہاں درجہ حرارت معمول سے کہیں زیادہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔
کراچی ٹریفک پولیس کا بڑا اقدام، جدید “ٹریفک فلو یونٹ” کا آغاز، 37 اہم مقامات پر تعیناتی
وزیراعلیٰ سندھ نے متعلقہ اضلاع کی ضلعی انتظامیہ کو فوری طور پر ہیٹ ویو ریلیف کیمپس قائم کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کو شدید گرمی کے اثرات سے محفوظ رکھنے کے لیے ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ریلیف کیمپس میں ٹھنڈے پانی، ابتدائی طبی امداد اور دیگر ضروری سہولیات کی دستیابی یقینی بنائی جائے تاکہ شہریوں کو فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
مراد علی شاہ نے محکمہ صحت اور اسپتال انتظامیہ کو بھی خصوصی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری اسپتالوں میں ہیٹ اسٹروک کے مریضوں کے لیے علیحدہ وارڈز، ادویات اور طبی عملے کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ شدید گرمی کے باعث انسانی صحت کو سنگین خطرات لاحق ہو سکتے ہیں، اس لیے تمام ادارے مکمل الرٹ رہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ شدید دھوپ اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں، خاص طور پر دوپہر کے اوقات میں گھروں سے باہر نکلنے سے احتیاط برتیں۔ انہوں نے شہریوں کو ہدایت کی کہ باہر نکلتے وقت سر ڈھانپ کر رکھیں، زیادہ سے زیادہ پانی استعمال کریں، ہلکے رنگ کے کپڑے پہنیں اور حتی الامکان سایہ دار مقامات پر رہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کھلے آسمان تلے کام کرنے والے مزدور، کسان اور محنت کش اپنی صحت کا خصوصی خیال رکھیں اور براہ راست دھوپ میں طویل وقت گزارنے سے اجتناب کریں۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ شہری معمولات زندگی جاری رکھیں لیکن اپنی صحت اور حفاظت پر ہرگز سمجھوتہ نہ کریں کیونکہ احتیاط ہی ہیٹ ویو سے بچاؤ کا مؤثر ذریعہ ہے۔
