کراچی کی عوام دوست مویشی منڈی مکمل فعال، 65 ہزار سے زائد جانور پہنچ گئے، خریداروں کا رش بڑھ گیا

کراچی (پ ر) — شہر قائد کے ناردرن بائی پاس پر قائم جدید “عوام دوست مویشی منڈی” مکمل طور پر فعال ہو گئی ہے، جہاں عیدالاضحیٰ کی آمد سے قبل قربانی کے جانوروں کی خرید و فروخت عروج پر پہنچ گئی ہے۔ منڈی انتظامیہ کے مطابق اب تک ملک بھر سے 65 ہزار سے زائد چھوٹے اور بڑے جانور منڈی لائے جا چکے ہیں جبکہ خریداروں کی بڑی تعداد روزانہ منڈی کا رخ کر رہی ہے۔

“وَتُعِزُّ مَن تَشَاءُ وَتُذِلُّ مَن تَشَاءُ” کے عنوان سے ڈاکیومنٹری جاری، پہلگام فالس فلیگ آپریشن کو بھارت کی تاریخی رسوائی قرار

ایڈمنسٹریٹر منڈی طارق تنولی کے مطابق شہریوں اور بیوپاریوں کے لیے جدید سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ خریداری کے دوران کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔ انہوں نے بتایا کہ ملک بھر سے آئے ہوئے ویٹرنری ڈاکٹرز مارشلنگ ایریا میں ہر جانور کا مکمل طبی معائنہ کر رہے ہیں اور صرف صحت مند جانوروں کو ہی منڈی میں داخلے کی اجازت دی جا رہی ہے۔

انتظامیہ کے مطابق منڈی کو مختلف بلاکس میں تقسیم کیا گیا ہے جن میں وی وی آئی پی، گولڈن، سفائر، کے پی کے، سندھ اور پہاڑی بلاکس شامل ہیں، تاہم “جنرل بلاک” شہریوں کی پہلی ترجیح بن چکا ہے جہاں خریداروں اور بیوپاریوں کے درمیان سودے بازی کا سلسلہ جاری ہے۔

منڈی کے ٹھیکیدار سرفراز نے بتایا کہ عارضی شہر میں 10 لاکھ گیلن پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش والا ہائیڈرنٹ قائم کیا گیا ہے جبکہ دو درجن سے زائد واٹر ٹینکرز مختلف بلاکس میں 24 گھنٹے پانی کی فراہمی یقینی بنا رہے ہیں۔

انچارج ایڈمنسٹریشن اسلم بلوچ کے مطابق بجلی کی بلا تعطل فراہمی کے لیے ہیوی جنریٹرز نصب کیے گئے ہیں جبکہ موبائل فون سگنلز کو بہتر بنانے کے لیے عارضی ٹاورز بھی قائم کیے گئے ہیں تاکہ بیوپاری اپنے اہل خانہ اور خریداروں سے مسلسل رابطے میں رہ سکیں۔

فوڈ اسٹریٹ کے منتظم راؤ فیصل نے بتایا کہ شہریوں کی دلچسپی کے لیے نہاری، کڑاہی، سجی، باربی کیو اور فاسٹ فوڈ کے متعدد اسٹالز فعال کر دیے گئے ہیں۔

انتظامیہ کے مطابق پہلے ہی دن سے وافر تعداد میں بیت الخلاء تعمیر کیے گئے ہیں جبکہ ہر بلاک میں ویٹرنری کیمپس اور نمازیوں کے لیے عارضی مساجد بھی قائم کی گئی ہیں۔ شہریوں کی سہولت کے لیے جلد مزید اے ٹی ایم مشینیں نصب کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

پارکنگ کے انتظامات کے حوالے سے ٹھیکیدار عدنان نے بتایا کہ 200 ایکڑ پر مشتمل وسیع رقبہ گاڑیوں کی پارکنگ کے لیے مختص کیا گیا ہے جبکہ آن لائن پارکنگ پاسز کا اجرا بھی جاری ہے۔

سیکیورٹی کے لیے پولیس کی بھاری نفری منڈی کے داخلی و خارجی راستوں اور مختلف بلاکس میں تعینات ہے، جس کے باعث شہری دن اور رات بلا خوف و خطر ناردرن بائی پاس مویشی منڈی پہنچ رہے ہیں۔

One thought on “کراچی کی عوام دوست مویشی منڈی مکمل فعال، 65 ہزار سے زائد جانور پہنچ گئے، خریداروں کا رش بڑھ گیا

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!