کراچی: کراچی پولیس آفس کی ویلفیئر برانچ کے انچارج انسپکٹر شرافت خان نے سب انسپکٹر شاہد کے ہمراہ شہر کے مختلف ہسپتالوں کا اچانک دورہ کیا تاکہ پولیس اہلکاروں کے لیے تعینات فوکل پرسنز کی کارکردگی اور فرائض کی ادائیگی کا جائزہ لیا جا سکے۔
قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کا اجلاس، منشیات و کچے کے علاقوں میں آپریشنز پر پیش رفت کا جائزہ
دورے کے دوران جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر کراچی میں تعینات فوکل پرسن زبیر کو ڈیوٹی پر موجود پایا گیا، جہاں انہوں نے زیر علاج اے ایس آئی محیب (سی ٹی ڈی) کی عیادت کی اور ان کے اہل خانہ سے ملاقات بھی کی، جنہوں نے فوکل پرسن کی خدمات کو سراہا۔
بعد ازاں نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیو ویسکولر ڈیزیز کراچی میں فوکل پرسن نادر اپنی ڈیوٹی پر موجود پایا گیا، تاہم سول ہسپتال کراچی میں ایوننگ شفٹ کے فوکل پرسن فرحان غیر حاضر پائے گئے۔
غیر حاضری کے باعث فوکل پرسن انسپکٹر شہزاد کو فرحان کے ہمراہ وضاحت کے لیے ویلفیئر برانچ طلب کر لیا گیا ہے۔
انچارج ویلفیئر برانچ نے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام فوکل پرسنز اپنی ذمہ داریاں ایمانداری اور مستعدی سے ادا کریں، کیونکہ پولیس اہلکاروں اور ان کے اہل خانہ کو بروقت اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ غفلت یا غیر حاضری کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

