کراچی: Northern Bypass Cattle Market پر قائم ’عوام دوست مویشی منڈی‘ میں قربانی کے جانوروں کی آمد میں تیزی آگئی ہے، جہاں 23 ویں روز تک جانوروں کی مجموعی تعداد 30 ہزار سے تجاوز کر گئی۔
آئی جی سندھ کا لاڑکانہ و سکھر میں امن و امان اجلاس، منشیات کے خلاف سخت ایکشن کی ہدایت
منڈی میں اس وقت سبی سے لایا گیا 8 فٹ قد اور 18 من وزنی بیل ’ببلو‘ اپنی جسامت اور خوبصورتی کے باعث شہریوں کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔ اس بیل کو 13 سالہ بیوپاری جاوید نے تین برس تک محنت اور محبت سے پالا۔
جاوید کے مطابق اس نے ’ببلو‘ کی دیکھ بھال کے لیے اپنی تعلیم ادھوری چھوڑ دی اور اب وہ مکمل وقت اس کی خدمت میں گزارتا ہے۔ وہ بیل کو روزانہ نہلاتا ہے اور خوراک میں گھاس، بھوسہ، چوکر اور کھل فراہم کرتا ہے تاکہ اس کی صحت برقرار رہے۔
ایڈمنسٹریٹر طارق تنولی کا کہنا ہے کہ منڈی میں بیوپاریوں اور خریداروں کے لیے بہترین سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، جن میں پانی، چارہ، سیکیورٹی اور پارکنگ کے انتظامات شامل ہیں۔ عید قرباں کے قریب آنے کے ساتھ شہریوں کی آمد میں بھی نمایاں اضافہ ہو رہا ہے۔
پارکنگ انتظامیہ کے مطابق 200 ایکڑ پر محیط محفوظ پارکنگ ایریا مختص کیا گیا ہے جبکہ فوڈ اسٹریٹ پر بھی سرگرمیاں جاری ہیں۔ فوڈ اسٹریٹ کے انچارج کے مطابق ہفتے کے روز قوالی نائٹ کے انعقاد کی تیاریاں مکمل کی جا رہی ہیں، جہاں معروف قوال اور شوبز شخصیات پرفارم کریں گی۔
شہریوں کے لیے یہ مویشی منڈی نہ صرف خریداری کا مرکز بن چکی ہے بلکہ تفریح کا بھی ایک اہم مقام بنتی جا رہی ہے۔
