کراچی (اسٹاف رپورٹر) — کے الیکٹرک کی جانب سے دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر اچانک بڑے بریک ڈاؤن کے بعد کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن نے ہنگامی بنیادوں پر مرمتی اقدامات شروع کر دیے ہیں اور صورتحال پر تفصیلی اعلامیہ جاری کیا ہے۔
امہ رباب چانڈیو کی سندھ ہائیکورٹ کراچی میں اپیل دائر، تہرا قتل کیس میں ماتحت عدالت کے فیصلے کو چیلنج
ترجمان واٹر کارپوریشن کے مطابق بجلی کی غیر متوقع بندش کے باعث دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کی اہم تنصیبات متاثر ہوئیں، جس کے نتیجے میں مرکزی لائنوں کو نقصان پہنچا اور شہر کے متعدد علاقوں میں پانی کی فراہمی متاثر ہوئی۔ متاثرہ علاقوں میں لانڈھی، شاہ فیصل کالونی، کورنگی، ملیر، چنیسر، جناح، صدر ٹاؤن اور کلفٹن شامل ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ واقعے کے فوری بعد فنی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور مرمتی کام ہنگامی بنیادوں پر شروع کر دیا گیا ہے۔ ایم ایس لائن کی مرمت کا کام تیزی سے جاری ہے اور توقع ہے کہ یہ کام آج رات تک مکمل کر لیا جائے گا۔
واٹر کارپوریشن کے مطابق پی آر سی سی لائنوں کی مرمت پر بھی کام جاری ہے تاکہ نظام کو مکمل طور پر بحال کیا جا سکے۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ ایم ایس لائن کی مرمت مکمل ہونے کے بعد بدھ کے روز اسی لائن کے ذریعے شہر کو پانی کی فراہمی مرحلہ وار بحال کر دی جائے گی۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بدھ کے روز شہر کو مجموعی طور پر 650 ملین گیلن میں سے تقریباً 570 ملین گیلن پانی کی فراہمی یقینی بنانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
واٹر کارپوریشن نے کہا ہے کہ تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور عملہ مسلسل فیلڈ میں موجود ہے تاکہ شہریوں کو درپیش مشکلات کو کم سے کم وقت میں حل کیا جا سکے۔
