اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر) — پاک فوج کی آرمی راکٹ فورس کمانڈ نے مقامی طور پر تیار کردہ فتح II میزائل کا کامیاب تجربہ کر لیا، جسے ملک کی دفاعی صلاحیت میں ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فتح II میزائل جدید ترین ایوی اونکس اور نیویگیشنل ٹیکنالوجی سے لیس ہے۔ اس تجربے کا مقصد مختلف تکنیکی پہلوؤں کی توثیق اور میزائل کے بہتر درستی نظام کی کارکردگی کا جامع جائزہ لینا تھا۔
ترجمان کے مطابق اس موقع پر اسٹریٹجک پلانز ڈویژن، آرمی راکٹ فورس کمانڈ کے افسران، پاک فوج کے سینئر حکام سمیت اسٹریٹجک اداروں کے سائنسدانوں اور انجینئرز نے بھی تجربے کا مشاہدہ کیا۔ فورم نے فتح سیریز کے مقامی طور پر تیار کردہ میزائل کے کامیاب تربیتی تجربے کو سراہا۔
آئی ایس پی آر کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر پاکستان، وزیر اعظم، چیف آف ڈیفنس فورسز اور مسلح افواج کے سربراہان نے میزائل کے کامیاب تجربے میں حصہ لینے والے ماہرین اور عملے کی پیشہ ورانہ مہارت، لگن اور عزم کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
ماہرین کے مطابق فتح II میزائل کا کامیاب تجربہ نہ صرف پاکستان کی دفاعی ٹیکنالوجی میں خود انحصاری کی عکاسی کرتا ہے بلکہ خطے میں اسٹریٹجک توازن کے لیے بھی اہم پیش رفت ہے۔
