کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایف آئی اے امیگریشن نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بیرون ملک غیر قانونی طریقے سے سفر کی کوشش ناکام بنا دی۔ ترجمان ایف آئی اے کے مطابق دو مسافروں کو مشتبہ سفری دستاویزات اور جعلی امیگریشن اسٹیمپس کی نشاندہی کے بعد آف لوڈ کر دیا گیا۔
ایران کی نئی سفارتی تجویز، آبنائے ہرمز کی بحالی کو جوہری مذاکرات سے مشروط کر دیا
ایف آئی اے کے مطابق گرفتار کیے گئے مسافروں کی شناخت احسان اللہ اور انور علی کے ناموں سے ہوئی ہے، جو ضلع بونیر کے رہائشی ہیں۔ دونوں مسافر وزٹ ویزے پر ملائیشیا روانہ ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔
جانچ پڑتال کے دوران ان کے پاسپورٹس پر ملائیشیا، عمان اور کراچی کے مشتبہ امیگریشن اسٹیمپس پائے گئے جن میں واضح تکنیکی خامیاں سامنے آئیں، جن میں فونٹ، اسپیسنگ اور سیکیورٹی فیچرز کی بے ضابطگیاں شامل تھیں۔ بعد ازاں آئی بی ایم ایس ویری فکیشن میں کسی قسم کی سفری ہسٹری موجود نہ ہونے کی بھی تصدیق ہوئی۔
ابتدائی تفتیش میں دونوں مسافروں نے انکشاف کیا کہ انہوں نے ایجنٹس کے ذریعے جعلی اسٹیمپس حاصل کیے تھے۔ ایف آئی اے نے دونوں افراد کو حراست میں لے کر اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی کے حوالے کر دیا ہے، جہاں مزید تحقیقات جاری ہیں۔
ایف آئی اے ترجمان کے مطابق جعلی دستاویزات اور غیر قانونی طریقوں سے بیرون ملک جانے کی ہر کوشش کو سختی سے ناکام بنایا جائے گا اور امیگریشن نظام کو مزید مؤثر اور شفاف بنانے کے لیے نگرانی مزید سخت کر دی گئی ہے۔
