واٹر کارپوریشن کا بڑا کارنامہ، 48 گھنٹوں کا کام 33 گھنٹوں میں مکمل، کراچی کے 95 فیصد علاقوں میں پانی بحال

کراچی میں کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن نے ایک اہم تکنیکی کام مقررہ وقت سے پہلے مکمل کر کے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، جس کے نتیجے میں شہر کے 95 فیصد علاقوں میں پانی کی فراہمی بحال کر دی گئی ہے۔

ناردرن بائی پاس مویشی منڈی میں اتوار کو میلے کا سماں، شہریوں کی بڑی تعداد، ڈائمنڈ بیل مرکزِ توجہ

ترجمان کے مطابق دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر جاری کام، جو 48 گھنٹوں میں مکمل ہونا تھا، اسے صرف 33 گھنٹوں میں پایہ تکمیل تک پہنچایا گیا۔ یہ اقدام مرتضیٰ وہاب کی ہدایات پر عملدرآمد کرتے ہوئے کیا گیا، جسے ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ دھابیجی کے K-2 پمپس ہاؤس سے پانی کی فراہمی بحال کر دی گئی ہے، جہاں تین پمپس فعال ہونے کے بعد شہر کو یومیہ مزید 100 ملین گیلن پانی فراہم کیا جا رہا ہے۔ اس طرح مجموعی فراہمی 600 ملین گیلن یومیہ تک پہنچ گئی ہے، جبکہ معمول کے مطابق شہر کو 650 ملین گیلن پانی درکار ہوتا ہے، اس وقت صرف 50 ملین گیلن کی کمی باقی ہے۔

ترجمان کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں پانی کی سپلائی مرحلہ وار بحال کی جا رہی ہے، جبکہ گلشنِ اقبال، اسکیم 33 اور گلستانِ جوہر میں پانی کی فراہمی مکمل طور پر بحال ہو چکی ہے۔ اس کے علاوہ نیپا، صفورا اور سخی حسن ہائیڈرنٹس بھی دوبارہ فعال ہو گئے ہیں۔

تاہم صدر، چنیسر، لانڈھی اور کورنگی کے ٹیل اینڈ علاقوں میں پانی کی فراہمی میں جزوی کمی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ دیگر علاقوں میں سپلائی معمول کے مطابق جاری ہے۔

اس موقع پر میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، سی ای او واٹر کارپوریشن احمد علی صدیقی اور سی او او انجینئر اسداللہ خان نے عملے کی شبانہ روز محنت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ادارہ شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے بھرپور اقدامات جاری رکھے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!