کراچی کی ناردرن بائی پاس مویشی منڈی میں اتوار کے روز میلے کا سماں دیکھنے میں آیا جہاں شہریوں کی بڑی تعداد نے اہل خانہ اور دوستوں کے ہمراہ شرکت کی اور خوب لطف اندوز ہوئے۔
کراچی میں منشیات فروشوں کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن، ڈسٹرکٹ سینٹرل پولیس نے متعدد ملزمان گرفتار کر لیے
سرجانی ٹاؤن سے آئے نوجوانوں نے اسپیکرز کے ساتھ منڈی میں پہنچ کر تیز میوزک پر بھنگڑے ڈالے اور ماحول کو خوشگوار بنا دیا۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ وہ ہر سال مویشی منڈی کا رخ کرتے ہیں جہاں نہ صرف قربانی کے جانور خریدتے ہیں بلکہ تفریح بھی کرتے ہیں۔ اس موقع پر شہریوں نے سبی سے لائے گئے قد آور بیل کے ساتھ سیلفیاں بنا کر یادگار لمحات محفوظ کیے۔
انتظامیہ کے مطابق منڈی میں قربانی کے جانوروں کی تعداد 15 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے اور مختلف بلاکس میں موجود خوبصورت اور صحت مند جانور خریداروں کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔ خاص طور پر سفائر بلاک میں موجود “ڈائمنڈ” نامی بیل کے چرچے زبان زدِ عام ہیں، جس کی چمکدار سفید رنگت اور خوبصورت ساخت دیکھنے والوں کو اپنی جانب متوجہ کر رہی ہے۔
بیوپاری اقبال کے مطابق انہوں نے ڈائمنڈ بیل کو انتہائی محبت اور خصوصی نگہداشت کے ساتھ پالا ہے، جس میں دیسی چارہ اور معیاری خوراک شامل ہے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ منڈی میں آنے والے شہریوں اور بیوپاریوں کے لیے پانی، لائٹنگ، پارکنگ، فوڈ اسٹریٹ اور سیکیورٹی کے جامع انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ ہر فرد کو سہولت میسر ہو اور خریداری کا عمل خوشگوار ماحول میں مکمل کیا جا سکے۔

