وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی میں جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی دورہ کیا اور بی آر ٹی ریڈ لائن سمیت اہم منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔
ذوالفقار علی بھٹو جونیئر کا سیاسی مؤقف واضح، کسی جماعت میں شمولیت سے انکار
دورے کے دوران بلدیہ عظمیٰ کراچی کے میئر مرتضیٰ وہاب، ڈپٹی میئر سلمان عبداللہ مراد، کمشنر کراچی سید حسن نقوی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
وزیراعلیٰ سندھ کو بی آر ٹی ریڈ لائن کراچی کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی، جس میں اسلامی کالج سے کامران چورنگی تک جاری تعمیراتی کام کا معائنہ شامل تھا۔ بریفنگ میں ایف ڈبلیو او حکام، سیکرٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن اور ٹرانس کراچی کے سی ای او زبیر چنہ نے شرکت کی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے منصوبے کو جلد مکمل کرنے اور ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
بعد ازاں وزیراعلیٰ سندھ نے زیرِ تعمیر عظیم پورہ فلائی اوور کا بھی دورہ کیا۔ میئر کراچی کے مطابق فلائی اوور کا 65 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے اور اس کی تکمیل کا ہدف 15 جون مقرر کیا گیا ہے۔
میئر کراچی نے بتایا کہ عوامی مشکلات کو کم سے کم رکھنے کے لیے کام دن رات جاری ہے اور منصوبہ مقررہ وقت سے پہلے مکمل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کام کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت دی کہ تمام منصوبوں کو بروقت مکمل کیا جائے تاکہ شہریوں کو جلد ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
