وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان نے “معرکۂ حق” میں دشمن کو بھرپور اور مؤثر جواب دے کر اپنی عسکری اور سفارتی طاقت کا لوہا منوایا ہے، اور پاکستانی قوم اپنے عزت و وقار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گی۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ایک سال قبل کاکول میں پیش آنے والے پہلگام واقعہ پر واضح اور دوٹوک مؤقف اپنایا، جو سفارتی محاذ پر ایک اہم ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوا۔
عطا تارڑ کے مطابق وزیراعظم نے اپنے خطاب میں اس واقعے کو ایک المیہ قرار دیتے ہوئے الزام تراشی کے بجائے شفاف اور غیرجانبدار تحقیقات کی پیشکش کی، جس سے پاکستان کا ذمہ دارانہ مؤقف عالمی سطح پر اجاگر ہوا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے مطالبے کے بعد بھارت دفاعی پوزیشن پر چلا گیا جبکہ کئی ممالک نے پاکستان کے مؤقف کو سراہا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے نہ صرف متاثرین سے اظہار ہمدردی کیا بلکہ عالمی سطح پر دہشت گردی کے ہر واقعے پر تشویش کا اظہار بھی کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت خود دہشت گردی کے واقعات پر سنجیدگی نہیں دکھاتا جبکہ پاکستان مسلسل دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیاں دے رہا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ بھارت کی جانب سے بی ایل اے اور ٹی ٹی پی جیسے گروہوں سے متعلق شواہد اور تانے بانے سامنے آتے رہے ہیں، جو خطے کے امن کے لیے خطرہ ہیں۔ تاہم پاکستان دہشت گردی کے خلاف ایک مضبوط دیوار کی حیثیت رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے فیلڈ مارشل کی قیادت میں ملک کا بھرپور دفاع کیا اور دشمن کو ہر محاذ پر مؤثر جواب دیا۔ پوری قوم اپنی افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔
عطا تارڑ کے مطابق وزیراعظم نے واضح کیا ہے کہ پاکستان اپنی عزت، وقار اور خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا، جبکہ پاکستان کو عالمی سطح پر ایک ذمہ دار اور معتبر ریاست کے طور پر پذیرائی ملی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کا اعتماد اور مورال بھی بلند ہوا ہے اور پاکستان کا مؤقف اب ایک عالمی حقیقت کے طور پر تسلیم کیا جا رہا ہے۔
