وزیر داخلہ و قانون سندھ ضیاء الحسن لنجار نے سندھ بار کونسل میں “وال آف پیس اینڈ صوفی ازم” کا افتتاح کر دیا، جسے امن، رواداری اور بھائی چارے کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
پیپلزپارٹی رہنما اسد حنیف کی لوکل گورنمنٹ رپورٹرز ایسوسی ایشن کے نو منتخب عہدیداران کو مبارکباد
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ضیاء الحسن لنجار نے کہا کہ سندھ دھرتی صوفیوں اور امن کا گہوارہ ہے، اور یہاں کی پہچان محبت، برداشت اور ہم آہنگی سے جڑی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ “وال آف پیس اینڈ صوفی ازم” کا قیام معاشرے میں بھائی چارے اور رواداری کی روشن علامت ہے۔
وزیر قانون سندھ کا کہنا تھا کہ صوفی تعلیمات ہی معاشرے میں حقیقی امن کی ضامن ہیں اور یہ انسانیت، برداشت اور یکجہتی کا درس دیتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس اقدام سے سندھ بار کونسل میں ایک مثبت اور خوبصورت روایت کا آغاز ہوا ہے، جو آنے والی نسلوں کے لیے رہنمائی فراہم کرے گی۔
تقریب میں وکلاء رہنما قربان ملانو، ایاز تنیو اور اشتیاق میمن سمیت دیگر شخصیات بھی موجود تھیں، جنہوں نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے اسے معاشرتی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے اہم قرار دیا۔
تقریب کے اختتام پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ صوفیاء کے پیغام کو فروغ دے کر معاشرے میں امن، محبت اور برداشت کی فضا کو مزید مستحکم بنایا جائے گا۔
