پاکستان کا بڑا خلائی سنگِ میل، ای او تھری سیٹلائٹ کامیابی سے خلا میں بھیج دیا گیا

پاکستان نے خلائی ٹیکنالوجی کے میدان میں ایک اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے الیکٹرو آپٹیکل سیٹلائٹ “ای او تھری” کو کامیابی کے ساتھ خلا میں بھیج دیا ہے، جسے ملکی خودانحصاری اور سائنسی ترقی کی جانب ایک بڑا قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
سندھ حکومت و وکلا برادری میں تعاون کے فروغ کا فیصلہ، وزیر قانون ضیاء الحسن لنجار کی ہائی کورٹ آمد، اہم اجلاس میں متعدد سہولیات کی منظوری

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق سیٹلائٹ کو چین کے تیان سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے خلا میں روانہ کیا گیا۔ ادارے کے مطابق مقامی سطح پر تیار کردہ اس سیٹلائٹ کی لانچنگ پاکستان کے لیے ایک اہم سنگِ میل ہے اور یہ جدید ٹیکنالوجی میں پیش رفت کی عکاس ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ای او تھری سیٹلائٹ شہری منصوبہ بندی، قدرتی آفات سے نمٹنے، غذائی تحفظ اور ماحولیاتی نگرانی کے لیے جدید اور ہائی ریزولوشن تصویری ڈیٹا فراہم کرے گا، جس سے مختلف قومی شعبوں میں بہتری آئے گی۔

ادارے کے مطابق یہ سیٹلائٹ ایک مربوط ارتھ آبزرویشن سسٹم کی بنیاد رکھے گا اور مختلف ترقیاتی منصوبوں میں معاون ثابت ہوگا، جس کے ذریعے پائیدار سماجی و معاشی ترقی کے اہداف حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔

دوسری جانب سپارکو نے بھی ای او تھری سیٹلائٹ کی کامیاب لانچنگ کو تاریخی کامیابی قرار دیا ہے۔ اس موقع پر وزیرِاعظم نے سپارکو کے انجینئرز اور سائنسدانوں کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے اس کامیابی کو قومی فخر قرار دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق وزیراعظم نے خلائی شعبے میں پاکستان کے دیرینہ دوست چین کے تعاون کو بھی سراہا اور دونوں ممالک کے درمیان سائنسی و تکنیکی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

ماہرین کے مطابق ای او تھری سیٹلائٹ کی کامیاب لانچنگ پاکستان کو خلائی تحقیق اور جدید ٹیکنالوجی کے میدان میں مزید مستحکم بنائے گی اور مستقبل میں نئے مواقع فراہم کرے گی۔

One thought on “پاکستان کا بڑا خلائی سنگِ میل، ای او تھری سیٹلائٹ کامیابی سے خلا میں بھیج دیا گیا

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!