پاکستان رینجرز (سندھ) نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر کراچی کے علاقے ضیاء کالونی اورنگی ٹاؤن میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث “بشیرا گروہ” سے تعلق رکھنے والے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
گورنر سندھ کی جے یو آئی (ف) قیادت سے ملاقات، سیاسی استحکام اور قومی یکجہتی پر زور
رینجرز کے مطابق گرفتار ملزمان میں نعمان خان ولد ظریف خان اور ذاکر خان ولد وزیر ملک شامل ہیں، جن کے قبضے سے 2 موبائل فونز اور نقدی بھی برآمد کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق یہ گروہ کراچی کے مختلف علاقوں جن میں ضیاء کالونی، شیر شاہ، 24 مارکیٹ اور ملحقہ علاقے شامل ہیں، میں ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں سرگرم تھا۔ گرفتار ملزمان عادی مجرم ہیں جبکہ ذاکر خان کے خلاف تھانہ ملیر سٹی میں پہلے سے مقدمہ بھی درج ہے۔
رپورٹ کے مطابق حالیہ دنوں میں اس گروہ نے ایک تاجر سے 3 لاکھ روپے نقدی بھی چھینی تھی، جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آئی ہے۔ مزید بتایا گیا ہے کہ گروہ کے دو دیگر ساتھی پہلے ہی پٹرول پمپ پر ڈکیتی کے کیس میں گرفتار ہو کر جیل جا چکے ہیں، جن میں مبینہ سرغنہ بشیر عرف “بشیرا” بھی شامل ہے۔
رینجرز نے کہا ہے کہ “بشیرا گروہ” کے دیگر مفرور اراکین کے خلاف بھی کارروائیاں جاری ہیں اور جلد مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔
گرفتار ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ ادارے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کی اطلاع فوری طور پر رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا واٹس ایپ نمبر 03479001111 پر دیں، جبکہ اطلاع دینے والوں کی شناخت صیغہ راز میں رکھی جائے گی۔
