کراچی (24 اپریل 2026): ڈی آئی جی ایسٹ زون کراچی ڈاکٹر فرخ علی کے احکامات پر ایس ڈی پی او جمشید ڈویژن اے ایس پی محمد عاشر کی زیر نگرانی ایسٹ زون میں گٹکا ماوا کے خلاف ٹارگٹڈ کارروائیاں جاری ہیں، جن کے دوران ضلع ملیر میں مختلف چھاپوں میں 6 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔
ٹرمپ کے بھارت سے متعلق متنازع بیان پر ہنگامہ، بھارتی حکومت اور اپوزیشن آمنے سامنے
پولیس کے مطابق تھانہ شاہ لطیف کی حدود میں کارروائیوں کے دوران گرفتار ملزمان میں حارث ولد اختر، حکمت اللہ ولد بھادل خان، زاہد علی ولد احمد علی، جہانزیب ولد صالح محمد، نور محمد ولد منور عالم اور فیصل ولد محمد شریف شامل ہیں۔ ملزمان کے قبضے سے مجموعی طور پر درجنوں پڑیاں مضر صحت ماوا، گٹکا، نقد رقم اور موبائل فونز برآمد کیے گئے۔
پولیس نے ملزم فیصل کے خلاف مقدمہ الزام نمبر 788/2026 بجرم دفعہ 8(i)A سندھ گٹکا ماوا ایکٹ کے تحت درج کر لیا ہے، جبکہ دیگر ملزمان کے خلاف بھی قانونی کارروائی جاری ہے۔
دوسری جانب تھانہ ابراہیم حیدری کی حدود میں ایک کارروائی کے دوران ایک دکان سے 17 کلو چھالیہ، 3 کلو تیار گٹکا/ماوا اور دیگر سامان برآمد کیا گیا، تاہم ملزم موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ اس واقعے کا مقدمہ الزام نمبر 299/2026 درج کر کے ملزم کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔
ترجمان ڈی آئی جی ایسٹ زون کے مطابق گٹکا ماوا اور دیگر مضر صحت اشیاء کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کیا جا رہا ہے اور اس مکروہ کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔
